وقت بدل گیا ہے سدھر جاؤ، لاہور میں وائرلیس پر پولیس اہلکاروں کو ایس پی کی وارننگ

ایس پی لاہور

لاہور : ایس پی لاہور نے تمام پولیس افسران و اہلکاروں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ عوام کے ساتھ اپنے رویے درست کریں اس حوالے سے افسران بھی ماتحت عملے کی تربیت کریں۔

تفصیلات کے مطابق پولیس حکام نے محکمہ میں اصلاحات کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے وائر لیس پر اہلکاروں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس پی کی جانب سے وائرلیس پر آپریٹر کے ذریعے پولیس افسران و اہلکاروں کو پیغام پہنچایا گیا ہے کہ وقت بدل گیا ہے سدھرجاؤ، آپ لوگ گلی محلے کے کوئی نوجوان نہیں عوام کے محافظ ہیں اپنے رویے درست کریں۔

اہلکار اپنے رویے سے افسران کو مروائیں گے، وائرلیس پیغام میں مزید کہا گیا کہ ماتحت عملے کی تربیت کی جائے، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او بریفنگ دیں۔

دوسری جانب سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے کہا ہے کہ کوڈ آف کنڈکٹ اور آئی جی پولیس کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، زیر حراست یا گرفتار ملزموں کے بھی حقوق ہوتے ہیں۔

تشدد یا بدسلوکی کرنے والے پولیس افسروں کا کسی پلیٹ فارم پر دفاع نہیں کروں گا بلکہ سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تھانوں میں شہریوں اور ملزموں سے بدسلوکی پر زیرو ٹالرنس ہے، پریشانی یا مصیبت کے وقت تھانے آنے والوں کے ساتھ محبت اور ہمدردی سے پیش آئیں۔