سخت سردی میں اسپیگٹی کے ہوا میں جمنے کی تصویر وائرل

امریکا کے ایک علاقے میں سخت سردی کے دوران اسپیگٹی کے ہوا میں جمنے کی تصویر وائرل ہوگئی، مذکورہ علاقے میں منفی 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

امریکی ریاست نیو ہمپشائر کے مقامی ویدر اسٹیشن نے اسپیگٹی کی تصویر پوسٹ کی، تصویر میں کانٹا اور اسپیگٹی ہوا میں معلق جمے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

آبزرویٹری کی جانب سے کہا گیا کہ عملے کا ایک شخص ناشتہ کرنے کے لیے باہر گیا لیکن وہ اس اسپیگٹی کا ایک لقمہ بھی نہ لے سکا کیونکہ وہ پہلے ہی فضا میں جم چکی تھی۔

ٹویٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ مقام پر 65 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سرد ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ درجہ حرارت منفی 34 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

ٹویٹر پر پوسٹ کی جانے والی یہ تصویر وائرل ہوگئی اور ہزاروں افراد نے اسے شیئر کیا۔