اسرائیل کیخلاف اسپین ایک قدم اور آگے بڑھ گیا

اسپین نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئی سی جے میں اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقا  کے غزہ نسل کشی کے مقدمے میں شامل ہوگا۔

اسپین کا کہنا ہے کہ وہ جنوبی افریقا کی طرف سے بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) میں دائر کردہ مقدمے میں شامل ہو جائے گا، جس میں اسرائیل پر غزہ کی پٹی پر جنگ میں نسل کشی کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔

جمعرات کو یہ اعلان کرتے ہوئے ہسپانوی وزیر خارجہ جوز مینوئل الباریس نے کہا کہ ہم نے یہ فیصلہ غزہ میں فوجی آپریشن کے جاری رہنے کی روشنی میں کیا ہے۔

انہوں نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ ہم تنازعہ کی علاقائی توسیع کو بھی گہری تشویش کے ساتھ دیکھتے ہیں اسپین نے نہ صرف "غزہ اور مشرق وسطیٰ میں امن کی واپسی” کا فیصلہ کیا بلکہ بین الاقوامی قانون سے وابستگی کی وجہ سے بھی کیا ہے۔

آئرلینڈ اور ناروے کے ساتھ اسپین کی طرف سے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے بعد وزیرخارجہ نے کہا کہ ہمارا واحد مقصد جنگ کا خاتمہ اور دو ریاستی حل کو لاگو کرنے کے راستے پر آگے بڑھنا ہے۔

تینوں ممالک کے اس اقدام نے اسرائیلی غصے کو بھڑکا دیا ہے جس نے ان پر "دہشت گردی” کا الزام لگایا اور اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا۔