’نواز شریف کی حکومت سازش کے تحت ختم کی گئی‘

لاہور (13 جولائی 2025): اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی حکومت ایک سازش کے تحت ختم کی گئی تھی۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2017 میں نواز شریف کی حکومت ایک سازش کے تحت ختم کی گئی تھی۔ اس سازش کا مقصد ملک کی ترقی کا پہیہ روکنا تھا اور یہی ہوا کہ ہماری حکومت ختم کر کے ترقی کا پہیہ روکا گیا۔

ایاز صادق نے کہا کہ ن لیگ کے بعد آنے والی پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کی اور معیشت کو بہت نقصان پہنچایا۔ ہماری قیادت نے ایک بار پر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے اور اللہ کی مہربانی سے پاکستان معاشی ترقی کے ٹریک پر چلنا شروع ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت میں چند عناصر نے ہماری قیادت کی بیماری کا مذاق اڑایا تھا، لیکن ہمارےسیاسی مخالفین آج مکافات عمل کا شکار ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک نے ترقی کا سفر شروع کر دیا ہے۔ حکومت اور مسلح افواج کی قیادت نے 10 مئی کو ہندوستان کو منہ توڑ جواب دیا۔

واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات کے نتیجے میں نواز شریف نے اکثریت حاصل کر کے ریکارڈ تیسری بار پاکستان کے وزیراعظم کا منصب سنبھالا تھا۔ تاہم پچھلی دو بار کی طرح اس بار بھی وہ بطور وزیراعظم اپنی 5 سالہ مدت پوری نہ کر سکے۔

سپریم کورٹ نے جولائی 2017 میں نواز شریف کو متحدہ عرب امارات میں کام کرنے کا اقامہ ظاہر نہ کرنے کی بنیاد پر صادق اور امین کی شق کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا اور پانچ صفر کی اکثریت سے نہ صرف وزارت عظمیٰ کے منصب بلکہ اسمبلی سے بھی نا اہل قرار دے دیا۔

تاہم اس وقت کی اسمبلی نے اپنی 5 سالہ مدت مکمل کی اور تاہم ن لیگ کی حکومت بھی برقرار رہی۔ نواز شریف کو نا اہل قرار دیے جانے کے باعث ان ہاؤس تبدیلی لاتے ہوئے ن لیگ کے شاہد خاقان عباسی کو نیا وزیراعظم بنایا گیا۔