استعفوں کی تصدیق، اسپیکر قومی اسمبلی کا اہم فیصلہ سامنے آگیا

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان اسمبلی کو تصدیق کے لئے طلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےاسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے مجھے ایک بار پھر استعفوں کی تصدیق کے لئے خط لکھا گیا ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ استعفے کی تصدیق کیلئےاسپیکر کےسامنے پیش ہونا ہوتا ہے، میرے پاس پی ٹی آئی کے کئی ارکان آئےتھے کہ استعفےمنظورنہ کریں، اب فیصلہ کیا ہے کہ ان ارکان کو طلب کیا جائے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ارکان میرے پاس آکرتسلی کرائیں کہ وہ اپنی مرضی سےاستعفیٰ دےرہےہیں، ارکان مجھےمطمئن کریں ان پر کوئی دباؤ نہیں، استعفوں کی تصدیق کیلئےوقت دونگا،ہر رکن کو سنناچاہوں گا۔

واضح رہے کہ تحریک اںصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا تھا اور استعفوں کی منظوری کے حوالے سے اسپیکر سے ملاقات کا وقت مانگا تھا۔