کراچی میں بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والا 3 رکنی گروہ پکڑا گیا

کراچی میں بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والا 3 رکنی گروہ پکڑا گیا

کراچی : شہر قائد میں بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والا 3 رکنی گروہ پکڑا گیا ، ملزمان کا گروہ دکانوں پر ڈکیتی میں بھی ملوث ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے جمشید کوارٹر میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والے 3 رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کر لیا۔

ایس ایس پی ایس آئی یو نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں گروہ کا سرغنہ شہباز، شہزاد اور ہدایت اللہ شامل ہیں۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو نشانہ بناتے تھے جبکہ یہ گروہ مختلف دکانوں اور بیکریوں پر ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہے تاہم ملزمان کے قبضے سے 3 پستول، 7 موبائل فون اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا تھاکہ کچھ روز قبل شاہ لطیف میں بیکری پر ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی، جس میں یہ گروہ ملوث پایا گیا۔

سرغنہ شہباز نے دوران تفتیش درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، جن میں ناظم آباد میں مصالحہ فروش کو لوٹنا، طارق روڈ پر شہری سے 12 لاکھ روپے چھیننا، نیپا پل پر بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری کو لوٹنا اور سہراب گوٹھ میں بیکری سے 14 لاکھ روپے کی ڈکیتی شامل ہیں۔

اسی طرح گلشن اقبال کے علاقے ڈسکو موڑ پر بیکری سے 12 لاکھ روپے لوٹنے کی واردات میں بھی یہی گروہ ملوث تھا، پولیس کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔