اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے سال نو پر نیک تنماؤں کا اظہار کرتے ہوئے 2019 کو ملک کے لیے خوشحالی کا سال قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابقاس سلسلے میں صدرِ مملکت عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کے ذریعے سب کو نئے سال کے آغاز کی مبادرکباد دی اور ساتھ ہی کامیابیاں اور خوشیاں ملنے کی نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
میں آپکو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتا ہوں اس دعا کے ساتھ کہ اللہ آپکو اور آپکے گھر والوں کو کامیابیاں اور خوشیاں عنایت کرے ۔ میری یہ بھی دعا ہے کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن رہے تاکہ میرے ملک میں غربت مفلسی اور بے روزگاری کا خاتمہ ہو ۔ آمین
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) January 1, 2019
انہوں نے اپنے پیغام میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی دعائیہ کلمات لکھے۔
وزیراعظم عمران خان نے نئے سال کو قوم کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2019 پاکستان کے لیے سنہرا ثابت ہوگا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نئے سال کا عزم ملک میں 4 چیزوں کے خلاف جہاد ہے، وہ چار چیزیں غربت، جہالت، ناانصافی اور کرپشن ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انشااللہ 2019 پاکستان کے لیے اچھا ثابت ہوگا۔
2019 انشاء اللہ پاکستان کی ترقی کا سال ہوگا: پاک فوج
قبل ازیں پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بھی سال نو پر قوم کو خصوصی پیغام دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 2019 انشاء اللہ پاکستان کی ترقی کا سال ہوگا، پُر امن، متحرک اور آگے بڑھتا ہوا پاکستان ہمارا قومی عزم ہے۔
خیال رہے کہ سال نو کی خوشی میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں شہریوں نے خوب جشن منایا اور ہلا گلا کیا۔
نئے سال 2019 کی خوشی میں تاریخی مقامات کو دلہن کی طرح سجایا گیا، اور شاندار آتش بازی بھی کی گئی۔