اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سماجی اور معاشی نظام کی بہتری کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے دی، ٹاسک فورس شہریوں کی فلاح کے لیے کم لاگتی منصوبے ترتیب دے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر 6 رکنی خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی، ڈاکٹر جاوید اصغر ٹاسک فورس کی سربراہی کریں گے۔ کامران لاشاری، سلیم غوری اور ڈاکٹر اکرم ٹاسک فورس کے رکن ہوں گے۔
فورس کے ایک رکن وزیر اعظم عمران خان خود نامزد کریں گے، جوائنٹ سیکرٹری وزیر اعظم آفس ٹاسک فورس کے سیکریٹری ہوں گے۔ ٹاسک فورس کے لیے 8 نکاتی ٹرم آف ریفرنسز (ٹی او آرز) بھی بنا دیے گئے۔
ٹی آر اوز کے مطابق ٹاسک فورس شہریوں کی فلاح کے لیے کم لاگتی منصوبے ترتیب دے گی، اداروں کی کارکردگی کے لیے منصوبے اور حل پیش کیے جائیں گے۔ ٹاسک فورس کم لاگت کاروباری منصوبے تلاش کرے گی۔
ٹی آر اوز میں کہا گیا ہے کہ ٹاسک فورس انڈسٹری اور پبلک سیکٹر میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر کام کرے گی، منصوبوں پر عملدر آمد کے لیے مکمل اور واضح میکنزم فراہم کرے گی۔
کابینہ ڈویژن نے ٹاسک فورس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جبکہ اس سے متعلق وفاقی سیکریٹریز اور صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔