صحافیوں کے تحفظ بل سے متعلق ترجمان گورنر سندھ کی اہم وضاحت

ترجمان گورنر سندھ نے صحافیوں کے تحفظ بل -2021 پر گورنر سندھ کے مشاہدات سے اخذ کیے ‏جانے والے تاثر کی سختی سے تردید کی ہے۔ ‏

ترجمان گورنر سندھ نے وضاحت کی ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سندھ حکومت کو ‏مشورہ دیا ہے کہ بل میں قانونی دستاویز کو مزید منصفانہ اور صحت مند بنانے کے لئے ممکنہ ‏قانونی غلطیوں کو دور کیا جائے۔

ترجمان کے مطابق گورنر سندھ کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 116(2) کے تحت ‏اختیار حاصل ہے کہ صوبائی حکومت کو کہیں کہ وہ کسی بھی قانونی دستاویز کو صوبائی اسمبلی ‏میں باضابطہ قانون سازی سے قبل قانونی سقم کو دور کریں۔ ‏

صحافیوں‌ کے تحفظ کے بل پر گورنر سندھ کو اعتراض، توثیق کرنے سے انکار

ترجمان نے کہا کہ گورنر سندھ نے آزادی صحافت اور صحافی برادری کو زیادہ سے زیادہ ممکنہ ‏سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے ہمیشہ آواز بلند کی ہے۔ ‏

ترجمان کے مطابق جرنلسٹ پروٹیکشن بل کو صوبائی اسمبلی کے سامنے پیش کرنے سے پہلے ‏نشاندہی کئیے جانے والے قانونی پہلوں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے اور قانونی تقاضوں کی تکمیل کے ‏بعد ہی قانون سازی کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔