’8 فروری کے بعد نمبر گیم کیلئے پی پی بہترین جوڑ توڑ کرے گی‘

الیکشن 2024: بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے انتخابی کیمپ پر حملہ

کراچی: پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ 8 فروری کے بعد نمبر گیم کیلئے پی پی بہترین جوڑ توڑ کرے گی۔

اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو ’باخبر سویرا‘ میں پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور مولانا کو سمجھنا چاہیے نوٹیفکیشن سے نہیں عہدے عوامی ووٹ سے ملتے ہیں، سمجھ نہیں آتا یہ لوگ کیسے الیکشن کے بغیر حکومت بنانے کا دعویٰ کررہے ہیں۔

پی پی رہنما نے کہا کہ مولانا کہہ رہے ہیں حکومت بنانے جارہا ہوں دوسری طرف الیکشن نہ کرانے کی بات کرتے ہیں، کے پی میں مولانافضل الرحمان کا گورنر موجود ہے مگر پھر بھی گلہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالات 2007 میں بھی خراب تھے اور 2013 میں  بھی، افغانستان میں جنگ ہورہی تھی مگر الیکشن ہوئے،کے پی میں مولانا فضل الرحمان کے گورنر نے امن وامان کیلئے کیا کیا؟۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی پی ایک گھنٹہ بھی الیکشن میں تاخیر نہیں چاہتی، جو سمجھتے ہیں پنجاب ہمارا گڑھ ہے لاہور اور پنجاب ان کیلئے جلد گڑھا ثابت  ہوگا۔

پی پی کے ترجمان نے کہا کہ پی پی کی انتخابی مہم جاری ہے، بورڈ میٹنگ شروع ہیں، پی پی کے ٹکٹوں کی تقسیم کا مرحلہ آخری مراحل میں ہے، ن لیگ دعویٰ کررہی ہے حکومت بنانے کا مگر انتخابی سرگرمی نظر نہیں آرہی۔

فیصل کنڈی نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے خیبرپختونخوا میں 9 ورکرز کنونشن سے خطاب کیا،8 فروری کے بعد حکومت بنانے کیلئے جوڑ توڑ کی سیاست ہوگی اور 8 فروری کے بعد نمبر گیم کیلئے پی پی بہترین جوڑ توڑ کرے گی۔