لاہور: ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا ہے کہ ن لیگ لاہور کی ریلی میں 2 ہزار کارکن جمع نہ کرسکی، احتجاج اور ریلی نکالنا ان کے بس کی بات نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم اورنگزیب روزانہ قوم سے جھوٹ بولتی ہیں، عوام اب ان کی چالاکیاں اور غلط بیانیوں میں نہیں آنے والی ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ ریڑھی والے، پاپڑ والے کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے کہاں سے آئے، مشتاق چینی، مقصود ملک جیسے فرنٹ مینوں سے کیا وصول کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب بتائیں شہباز شریف اور ان کے داماد کب وطن آئیں گے، حسن نواز اور حسین نواز کی واپسی کا شیڈول بھی عوام کو بتائیں، قومی خزانوں کو بے دردی سے لوٹنے والوں کو حساب دینا پڑ رہا ہے۔
مزید پڑھیں: کوٹ لکھپت جیل میں قید نوازشریف نے ن لیگ کوحکومت کیخلاف احتجاج کی اجازت دے دی
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گزشتہ 10 سالوں میں غریب کی حالت بد سے بدتر ہوتی گئی، ن لیگ نے کمیشن کھانے، ٹی ٹی ٹرانزیکشن کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نو ماہ میں ترقی آدھی اور مہنگائی تین گنا بڑھ گئی، آئی ایم ایف ٹو آئی ایم ایف معاہدے کا بوجھ بھی عوام کو برداشت کرنا پڑے گا۔
یاد رہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں قید نوازشریف نے ن لیگ کوحکومت کے خلاف احتجاج کی اجازت دے دی ہے، ن لیگ ڈالرکی قیمت اورمہنگائی کےخلاف تحریک کا آغاز عید کے بعد کرے گی۔