ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن حمزہ خان اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے، وطن واپس پہنچے پر جونیئر عالمی چیمپئن کا شاندار استقبال کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن کے فائنل میں مصری حریف کو شکست دینے والے حمزہ خان اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے، وطن واپس پہنچے پر جونیئرعالمی چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کرنے والے پلیئر کا شاندار استقبال کیا گیا۔
لوگوں کی بڑی تعدا د نے حمزہ خان کا استقبال کرنے کے لیے اسلام آباد ائیرپورٹ کا رخ کیا، اس موقع پر ان کے والدین اور سیکریٹری پاکستان اسکواش فیڈریشن عامرنواز بھی موجود تھے۔
حمزہ خان نے اپنے عمدہ کھیل کی بدولت 37 سال بعد پاکستان کو ورلڈ جونیئر اسکواش کا چیمپئن بنایا ہے، اس سے قبل 1986 میں جان شیر خان نے پاکستان کے لیے یہ ٹائٹل جیتا تھا، 2008 میں پاکستان کی جانب سے عامر اطلس نے ورلڈ جونیئر کا فائنل کھیلا تھا۔
فائنل میں حمزہ نے مصر کے محمد ذکریا کو تین ایک سے شکست دی تھی جب کہ سیمی فائنل میں فرانسیسی حریف کو تین دو سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔