معاشی بدحالی کا شکار سری لنکا کے لئے اچھی خبر

نئی دہلی: بدترین معاشی صورت حال میں گھرے سری لنکا کے لئے اچھی خبر ہے کہ پڑوسی ملک نے بڑا معاہدہ کرلیا

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکا نے بھارت کے ساتھ پاور گرڈز لنکنگ معاہدے کا اعلان کردیا ہے۔

اس حوالے سے سری لنکن مندوب کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ پاور گرڈز لنکنگ اور تجارتی معاہدوں کی تجدید پر مذاکرات شروع کر رہے ہیں۔ دو ماہ میں ان معاہدوں پر دستخط ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: انٹربینک میں ڈالر سستا، روپیہ کی قدر میں استحکام

واضح رہے کہ سری لنکا کی اقتصادی بحالی کے منصوبے کا ایک اہم حصہ قابل تجدید توانائی کے وسائل کی ترقی پر منحصر ہے، جہاں سے سرحد پار ٹرانسمیشن کیبل کے ذریعے جنوبی بھارت میں بجلی کی منتقلی کی جا سکتی ہے۔

بھارت نے گزشتہ سال بھی معاشی بحران سے نمٹنے کے لئے سری لنکا کو 4 بلین ڈالرز کی امداد فراہم کی تھی لیکن اب سری لنکا آئی ایم ایف پیکج سے نکلنے کے لئے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مصروف عمل ہے۔

یاد رہے کہ سری لنکا اور بھارت کے درمیان یہ منصوبہ کئی سالوں سے التوا کا شکار ہے، مگر اب سری لنکا کو امید ہے کہ آئندہ دو سے تین سالوں میں ٹرانسمیشن لائن بچھ جانے کی صورت میں وہ اپنی قابل تجدید بجلی بھارت کو فروخت کرسکے گا۔