قومی کرکٹ ٹیم کا سری لنکا پہنچنے پر شاندار اسقبال، ویڈیو وائرل

ٹیم

کولمبو : قومی کرکٹ ٹیم کے سری لنکا پہنچنے پر شاندار اسقبال کیا گیا، کولمبو ایئرپورٹ پر ڈھول کی تھاپ پر رقص اور کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے کولمبو پہنچتے ہی پرجوش استقبال کی ویڈیو سامنے آگئی۔

وائرل ویڈیو میں ڈھول کی تھاپ پر رقص اور کرتب کے ساتھ قومی ٹیم کا استقبال دیکھا جاسکتا ہے۔رقص اور کرتب دکھانے والے افراد نے مخصوص لباس زیب تن کیا ہوا ہے۔

آئی سی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کی پہلی آزمائش میں شرکت کے لیے سری لنکا پہنچنے والی قومی ٹیم سیریز سے قبل 11 اور 12 جولائی کو دو روزہ وارم اپ میچ کھیلے گی۔

واضح رہے کہ دورہ سری لنکا میں مقامی مشکلات کے چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم بابراعظم ( کپتان )، محمد رضوان ( وکٹ کیپر اور نائب کپتان ) عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد ،حسن علی، امام الحق، محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ،نعمان علی، سلمان علی آغا،سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہین آفریدی اور شان مسعود پر مشتمل ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کولمبو پہنچ گئی، دورہ سری لنکا کے آغاز میں قومی ٹیم ہمبن ٹوٹامیں 2 روزہ وارم اپ میچ کھیلے گی جو ک 11 جولائی کو شیڈول ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 16 جولائی سے شروع ہوگا جب کہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 24 جولائی سے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل دورہ سری لنکا کے سلسلے میں کراچی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا انعقاد ہوا تھا، جس میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، سرفراز احمد اور نسیم شاہ سمیت 16 کھلاڑی شریک ہوئے تھے۔