عمران خان کو سری لنکا میں بھی بہت پسند کیا جاتا ہے، سری لنکن ہیڈ کوچ

کراچی: سری لنکن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رمیش رتنائیکے نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے دور کے بہترین کرکٹر تھے، میری ان سے دوستی رہی ہے، وہ بہت حوصلہ افزائی کرتے ہیں، عمران خان کو سری لنکا میں بھی بہت پسند کیا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رمیش رتنائیکے نے نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ان کے اور سری لنکن حکومت کے بہت اچھے دوست ہیں، امید کرتا ہوں وہ اچھی حکمرانی کررہے ہوں گے۔

رمیش رتنائیکے نے کہا کہ ہمارے دورے سے دوسری ٹیمیں بھی پاکستان آنے کا سوچیں گی، ہمارے پاس ایسے کھلاڑی ہیں جو اس ٹور سے آگے آسکتے ہیں، ہمیں جس لیول کی سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے ویسی سیکیورٹی پہلے کبھی نہیں دیکھی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کے بیشتر کھلاڑی پہلی مرتبہ پاکستان آئے ہیں، ہم اپنی تیاری کو اعلیٰ معیار کا نہیں کہہ سکتے لیکن کھلاڑیوں کو سمجھا دیا ہے کہ انہیں کس طرح کی کنڈیشنز میں کھیلنا ہے، ورلڈ کپ میں کسی نے نہیں سوچا تھا کہ ہم انگلینڈ کو ہراسکتے ہیں، ہم اچھا کھیل پیش کرسکتے ہیں۔

سری لنکن ہیڈ کوچ نے کہا کہ بارش پوری دنیا میں ہوتی ہے تاہم پہلا میچ نہ ہونے پر افسوس ہوا، بارش کی وجہ سے کھلاڑی زیادہ پریکٹس نہیں کرسکے لیکن کل کے میچ کے لیے بھرپور پریکٹس کی ہے، پاکستانی کھلاڑیوں کی ویڈیوز دیکھ کر حکمت عملی بنائی ہے امید ہے دلچسپ مقابلہ ہوگا۔

رمیش رتنائیکے نے کہا کہ دس کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہوگی لیکن ہمارے نوجوان کھلاڑی عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں، ہم یہاں اچھی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں مجھے بہت خوشی ہے کہ میں پاکستان آیا ہوں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچز کی ون ڈے سیریز کا دوسرا ون ڈے کل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، دوسرے ون ڈے سے قبل سری لنکن ٹیم نے نیشنل اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی، خیال رہے کہ پہلا میچ بارش کے سبب منسوخ کردیا گیا تھا۔