ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ میئر الیکشن کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قیدی وین بھی موجود ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آج کراچی سمیت سندھ بھر میں میئر، ڈپٹی میئر، ٹاؤن چیئرمینز کے انتخابات ہو رہے ہیں۔ کراچی میں آرٹس کونسل میں الیکشن کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا نے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پولیس اور رینجرز اہلکار آرٹس کونسل کے اندر اور اطراف میں تعینات ہیں جب کہ دوران الیکشن کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قیدی وین بھی موجود ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا تھا میئر الیکشن کے لیے مجموعی طور پر 500 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جب کہ ریپڈ ریساپنس فورس کے اہلکار بھی سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی میں تین ایس پیز اور 12 ڈی ایس پیز بھی شامل ہیں جب کہ ٹریفک پولیس کے 95 اہلکار آرٹس کونسل کے اطراف تعینات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب میئر الیکشن کے لیے سرور شہید روڈ کا ایک ٹریک عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میئر کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے حافظ نعیم جب کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے مرتضیٰ وہاب کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔
دونوں جماعتوں کی جانب سے میئر کے انتخاب کے لیے درکار اکثریت موجود ہونے اور پیشگی کامیابی کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔