قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس

اسلام آباد : قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ بتائے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی روکنے کیلئے کیا اقدامات کئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی انسانی حقوق کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی اراکین نے استفسار کیا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی روکنے کی سفارشات دی گئیں تھیں۔

وزارت خارجہ بتائے کہ اس سلسلے میں کیا اقدامات کئے گئے ہیں؟ جس کے جواب میں وزارت خارجہ حکام نے بتایا کہ کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ابھی تک کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر رپورٹ نہیں دی گئی، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر تنقید کی جارہی ہے، حکومت کو مسئلہ کشمیر پر جو اقدامات کرنا تھے وہ نہیں کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو انسانی حقوق خلاف ورزی کی عالمی رپورٹس پر دباؤ میں نہیں لیا گیا، دوائیں، کھانے پینے کی اشیا پہنچانے کیلئے انسانی راہداری کیلئے کوشش کی جائے، یہ بھی تجزیہ کیا جارہا ہے کہ وزیر اعظم کی تقریر کے بعد مودی نے قدم اٹھایا۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کشمیر سے متعلق بات پرخوش ہونے کی ضرورت نہیں، فلسطینیوں سے دریافت کریں کہ جب ٹرمپ نے ان کے معاملے پربیانات دیے تو اس کے کیا نتائج نکلے۔