بی جے پی لیڈر کی عجیب وغریب حرکت نے اسے جیل کی ہوا کھلا دی

بھارت میں مرکزی حکومتی جماعت کے ایک لیڈر اودے بھاسکر نے انتہائی عجیب وغریب حرکت کر ڈالی جس نے اسے جیل کی ہوا کھلا دی۔

بھارت سے آئے دن عجیب وغریب ناقابل یقین مگر وقوع پذیر واقعات منظر عام پر آتے رہتے ہیں اور ان میں اکثر وہاں کی اہم شخصیات بھی شامل ہوتی ہیں جیسا کہ بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی کے ایک رہنما نے گن مین حاصل کرنے کے لیے انتہائی خطرناک عجیب وغریب حرکت کر ڈالی۔

انڈین میڈیا کے مطابق حیدرآباد میں گزشتہ دنوں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک مقامی رہنما اودے بھاسکر گوڑ قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئئے تھے تاہم اب تک ہونے والی پولیس تحقیقات میں اس کیس نے نیا دلچسپ موڑ اختیار کر لیا ہے۔

اس واقعے سے متعلق تحقیقات کرنے والی پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ سیاست میں داخل ہونے والے اودے بھاسکر جن کے خلاف ماضی مجرمانہ مقدمات درج ہیں انہوں نے پولیس سے گن مین حاصل کرنے کے لیے کرائے کے افراد سے خود پر حملہ کروایا تھا۔

پولیس کے مطابق اودے بھاسکر نے کرائے کے افراد کے ذریعے خود پر چاقو سے حملہ کروایا اور زخمی ہونے کے بعد اوپل پولیس اسٹیشن میں قاتلانہ حملے کی شکایت درج کرائی اور جب واقعے کی تحقیقات کی گئیں تو سب کچھ کھل کر سامنے آ گیا۔

ڈی سی پی پدم جا نے بتایا کہ ملزم بھاسکر گوڑ اور اسے چاقو مارنے والے اس کے 6 دیگر ساتھیوں کو گرفتار کرکے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے جب  کہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

بھاسکر گوڑ حیدرآباد کے بوڈ اوپل علاقے میں رہتا ہے۔ اس نے گن مین اور شہرت پانے کے لیے خود پر قاتلانہ حملے کا منصوبہ بنایا جس کے لیے اس نے کرائے کے قاتلوں سے ڈھائی لاکھ روپے کے عوض معاہدہ کیا

رپورٹ کے مطابق بھاسکر کا مقصد یہ تھا کہ اگر اس کی حفاظت کے لیے پولیس گن مین الاٹ کرتی ہے تو معاشرہ اس کی عزت کرے گا۔