سندھ اسمبلی میں آوارہ کتوں کے خلاف تحریک التویٰ جمع

آوارہ کتے سندھ اسمبلی ایم کیو ایم

کراچی (02 اگست 2025): سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم نے آوارہ کتوں کے خلاف تحریک التویٰ جمع کرا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے حملوں کے واقعات کے خلاف ایم کیو ایم رکن اسمبلی نے سندھ اسمبلی میں تحریک التویٰ جمع کرا دی۔

رکن سندھ اسمبلی عامر صدیقی نے تحریک التویٰ میں مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کو مارنا حل نہیں ہے، سندھ حکومت اس سلسلے میں مؤثر حکمت عملی بنائے، کیوں کہ روزانہ بچے اور بزرگ آوارہ کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہو رہے ہیں، جس سے خوف اور بے چینی پھیل چکی ہے۔

آوارہ کتے ایم کیو ایم سندھ اسمبلی
ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی میں ہفتے کو آوارہ کتوں کے حوالے سے تحریک التویٰ جمع کرا رہے ہیں

تحریک التویٰ کے مطابق عامر صدیقی نے کہا ہے کہ آوارہ کتوں کو ریبیز ویکسین دی جائے، اور ہر تحصیل میں ڈاگ شیلٹرز قائم کیے جائیں، نیز عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔

ایم کیو ایم رکن اسمبلی نے تجویز دی کہ مسئلے کے حل کے لیے ماہرین اور این جی اوز کی مشاورت سے حکمتِ عملی بنائی جا سکتی ہے، یہ عوام کی صحت اور تحفظ کا مسئلہ ہے، جس پر فوری، سنجیدہ اور ہمدردانہ اقدامات ناگزیر ہیں۔


کے فور منصوبے پر کتنے ارب روپے خرچ ہو چکے، کتنا کام ہو گیا؟


واضح رہے کہ سندھ سمیت پاکستان میں کتے کے کاٹے کے تکلیف دہ واقعات کس حد تک بڑھ چکے ہیں اور حکومت اس حوالے سے کتنی خاموش ہے، اس کا اندازہ گزشتہ برس جون کے محض ایک ہفتے کی رپورٹ سے ہوتا ہے، این آئی ایچ نے بتایا تھا کہ ایک ہفتے میں ملک میں کتے کے کاٹے کے سب سے زیادہ 5 ہزار 259 کیسز پنجاب سے رپورٹ ہوئے تھے، جب کہ سندھ میں 1 ہزار 886 شہری آوارہ کتوں کا نشانہ بنے۔ خیبر پختونخوا میں 635، بلوچستان میں 110، آزاد کشمیر میں 66، گلگت بلتستان میں سگ گزیدگی کا 1 کیس رپورٹ ہوا۔