بسکٹ کھانے سے اسکول کے درجنوں بچوں کی حالت غیر ہوگئی

بسکٹ کھانے سے اسکول کے درجنوں بچوں کی حالت غیر ہوگئی

بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے چھترپتی سمبھاج نگر ضلع کے ایک اسکول میں بسکٹ کھانے سے درجنوں طالب علموں کی حالت غیر ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکول کے بچوں کو غذائیت سے متعلق ایک پروگرام کے تحت بسکٹ فراہم کیے گئے تھے جنہیں کھانے کے بعد انہیں متلی اور الٹیاں ہوئیں۔

حکام نے بتایا کہ طالب علموں کو ہفتے کی صبح 8 بج کر 30 منٹ پر بسکٹ فراہم کیے گئے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام اسکول پہنچے اور متاثرین کو اسپتال منتقل کیا۔

اسپتال کے میڈیکل آفیسر نے بتایا کہ صبح تقریباً 8:30 بجے بسکٹ کھانے کے بعد 257 طلبا میں فوڈ پوائزننگ کی علامات ظاہر ہوئیں، ان میں سے 153 کو اسپتال لایا گیا جن میں سے کچھ کا علاج کر کے واپس گھر بھیج دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ 7 طلبا کی حالت تشویشناک ہے جنہیں مزید علاج کیلیے چھترپتی سمبھاجی نگر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسکول میں 296 طلبا زیرِ تعلیم ہیں۔

حکام نے بسکٹ کھانے سے بچوں کی حالت بگڑنے کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔