اسلام آباد: 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کے معاملے پر اہم پیشرفت سامنے آگئی، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے نظرثانی ٹینڈر جاری کر دیا۔
وفاقی حکومت نے پہلے مرحلے میں 3 لاکھ کے بجائے 50 ہزار میٹرک ٹن چینی درآمد کا فیصلہ کرتے ہوئے 22 جولائی 2025 تک بولیاں طلب کر لیں جو اس سے قبل 18 جولائی 2025 تک کی گئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: فواد حسن فواد نے 30 کروڑ ڈالر کی چینی درآمد کرنے پر سوالات اٹھا دیے
واضح رہے کہ 11 جولائی 2025 کو وفاقی حکومت نے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے پر عمل شروع کیا اور اس سلسلے میں ٹریڈنگ کارپوریشن پاکستان نے ٹینڈر جاری کیا تھا۔
ٹریڈنگ کارپوریشن نے چینی درآمد میں دلچسپی رکھنے والے انٹرنیشنل سپلائرز اور مینو فیکچررز سے 18 جولائی 2025 تک بولیاں بھی طلب کیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں حکومت نے نجی شعبے کو شوگر درآمد کرنے کی اجازت دی۔ وفاقی کابینہ کے حتمی فیصلے کے بعد وزارت غذائی تحفظ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ حتمی طور پر ہوگیا ہے، امپورٹ حکومتی شعبے کے ذریعے کی جائے گی۔
دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے درآمد کرنے کا حتمی فیصلہ کیے جانے کے بعد امپورٹ کی گئی شوگر سستی کرنے کیلیے حکومت متحرک ہوئی اور ایف بی آر نے اس حوالے سے امپورٹ شدہ شوگر پر سیلز ٹیکس کی کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا تھا۔