اسلام آباد: حکومت اور شوگرانڈسٹری کے درمیان معاملات طے پاگئے، چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
ملک میں چینی کے حالیہ بحران کے بعد بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، وزارت غذائی تحفظ نے بتایا کہ شوگر ملز سے بات چیت کے بعد چینی کی ایکس مل قیمت 165روپے فی کلو مقرر ہوگئی ہے، تمام صوبائی حکومتیں سستی چینی کی دستیابی یقینی بنائیں گی۔
گزشتہ دنوں سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد نے حکومت کی جانب سے 30 کروڑ ڈالر کی چینی برآمد کے بعد پھر سے درآمد کرنے کے معاملے پر سوالات اٹھائے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چینی درآمد کرنے کے لیے ٹینڈر جاری
فواد حسن فواد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ چینی کی 30 کروڑ ڈالر کی درآمد عوامی مفاد میں نہیں لہٰذا اس کا فوراً جائزہ لیا جائے، عام آدمی چینی کا بڑا صارف نہیں بلکہ اصل فائدہ خوراک و مشروبات کی صنعت کو ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے چینی کی برآمد کی اجازت دی اور اب صنعتکاروں کو فائدہ پہنچانے کیلیے درآمد؟ فی کس چینی کا استعمال سالانہ 28 کلو گرام ہے اصل مسئلہ مافیا کا کردار ہے۔
سابق پرنسپل سیکریٹری نے کہا کہ حکومت کی قیمتوں پر کنٹرول میں ناکامی درآمد کی دلیل نہیں بن سکتی، عام آدمی نہ مشروبات خرید سکتا ہے اور نہ مٹھائیاں پھر ان کے نام پر درآمد کیوں۔
https://urdu.arynews.tv/sugar-has-become-more-expensive-in-karachi/