شوگرملز مالکان نے خام چینی کی درآمد کی اجازت مانگ لی

چینی کی قیمت

شوگرملز مالکان نے برآمدی مقاصد کیلئے خام چینی کی درآمد کی اجازت مانگ لی۔

تفصیلات کے مطابق شوگرملز مالکان نے نگراں وزیرتجارت و صنعت گوہر اعجاز کو خط لکھ کر درآمدی خام چینی ریفائن کرنے کے بعد برآمد کرنے کی اجازت طلب کی ہے۔

پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین اور چیئرمین کے پی زون کی جانب سے لکھے گئے خط کی کاپی نگراں وزیراعظم، وزیرخزانہ، چیئرمین ایف بی آر کو بھی بھجوائی گئی ہے۔

خط کے مطابق چینی کی برآمد سے 3 ارب ڈالرز سے زائد کا قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے اس وقت ایتھنول کی سالانہ برآمدات 50کروڑ ڈالرز سے زائد ہے، شوگر انڈسٹری پر کریک ڈاؤن سے مارکیٹ میکنزم میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے شوگر انڈسٹری پر کریک ڈاؤن کے باعث چینی کی قیمتوں پر اثرپڑتا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے چینی کی فروخت پر سیلز ٹیکس ختم کیا جائے یوٹیلیٹی اسٹورز پر سیلزٹیکس فری چینی غریبوں کو فراہم کی جائے۔