اسلام آباد (18 جولائی 2025): ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں چینی کی قیمت مقرر کر کے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں چینی کی ریٹیل پرائس 172 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی جبکہ ایکس مل ریٹ پر 165 روپے فی کلو بیچی جائے گی، خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو احکامات جاری کر دیے گئے کہ چینی کی ریٹ لسٹ سے زائد قیمت وصولی پر کریک ڈاؤن کیا جائے، شہری چینی کی زائد قیمت وصولی پر دکانداروں کی نشاندہی بھی کریں۔
یہ بھی پڑھیں: 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کے معاملے میں نظرثانی ٹینڈر جاری
گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی کے شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے کیلیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی جو اصلاحات اور نجکاری کیلیے قابل عمل تجاویز مرتب کرے گی۔
وزیر توانائی اس کمیٹی کے چیئرمین جبکہ وزارت صنعت کے سیکریٹری کنوینر ہوں گے۔ وزیر خزانہ، وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور وزیر اقتصادی امور کمیٹی ارکان میں شامل ہوں گے۔
کمیٹی 30 روز کے اندر وزیر اعظم شہباز شریف کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی جبکہ چینی کی پیداوار، درآمد، برآمد، قیمتوں، سبسڈی اور ذخیرہ اندوزی پر قوانین کا جائزہ لے گی۔
اعلیٰ سطحی کمیٹی کسانوں، صارفین کے حقوق، مقامی ضرورت اور تجارتی تقاضوں کے تحت پالیسی مرتب کرے گی، صارفین کے تحفظ اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے خطرے سے بچاؤ کیلیے سفارشات دے گی جبکہ نجکاری شفاف بنانے کیلیے اسٹیک ہولڈرز، بشمول صنعتکاروں، کسانوں اور اداروں سے مشاورت کرے گی۔