سکھر کے گوداموں پر نیب کا چھاپہ : گندم کی بیشتر بوریوں سے بھوسا برآمد

سکھر : کندھ کوٹ اور کشمور کے گندم کے گوداموں میں کارروائی کے بعد نیب ٹیم نے سکھر کے گوداموں پر چھاپے مارے، برآمد ہونے والی گندم کی بیشتر بوریوں سے بھوسا نکلنے کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گندم کی مد میں اربوں روپے کرپشن کا انکشاف سامنے آیا ہے، قومی احتساب بیورو سندھ نے محکمہ خوراک سے متعلق کرپشن شکایات پر تحقیقات مکمل کرلی۔

اس حوالے سے نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ5روز میں مختلف گوداموں اور فلور ملز پر چھاپے مارے گئے، تمام کارروائیاں جوڈیشنل مجسٹریٹ کی نگرانی میں کی گئیں۔

نیب ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک کے گودام سے بار دانے کی 110359 بوریاں غائب ہیں، خالص گندم کی غائب بوریوں کی تعداد1020764ہے،جبکہ برآمد ہونے والی گندم کی بیشتر بوریوں سے بھوسا نکلا ہے۔

گندم اور باردانے کی خورد برد سے دو ارب25کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا، خورد برد میں ملوث عملے کیخلاف تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں۔

مزید پڑھیں: سندھ کے گوداموں میں موجود گندم کی بوریوں میں مٹی بھرے جانے کا انکشاف

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کندھ کوٹ اور کشمور میں موجود گندم کے گوداموں سے گندم غائب کرکے بوریوں میں مٹی بھرے جانے کا انکشاف ہوا تھا، نیب کی ٹیم نے چھاپہ مار کر گودام سیل کردیئے تھے۔