ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار سنیل شیٹی نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں ان کی فلمیں دیکھنے کے بعد گھر والوں کو سر درد کی گولی لینے کی ضرورت پڑتی تھی۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق سنیل شیٹی کو 90ء کی دہائی میں ایکشن ہیرو کے طور پر جانا جاتا تھا۔ وہ ’موہرا‘، ’گوپی کشن‘، ’رکشک‘، ’بھائی‘ جیسی کئی کامیاب فلموں میں نظر آئے۔
حال ہی میں سنیل شیٹی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ایک وقت تھا جب گھر والے بھی میری فلموں سے لطف اندوز نہیں ہوتے تھے لیکن انہوں نے کبھی اس بات کا اظہار نہیں کیا۔
متعلقہ: بالی وڈ اداکار سنیل شیٹی کا مردوں کے لیے بہترین مشورہ
اپنی ایکشن سے بھرپور فلموں پر اہل خانہ کے تاثرات کے بارے میں سنیل شیٹی نے بتایا کہ یوں تو میری فلمیں اچھی کارکردگی دکھا رہی تھیں لیکن جب میں گھر لوٹتا تھا تو اہل خانہ اس سے لطف اندوز ہوتے دکھائے نہیں دیتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ سب میرے منہ پر تعریفیں کرتے تھے اور بعد میں ایک دوسرے سے سر درد کی گولی مانگتے تھے۔
ایک پوڈ کاسٹ میں سنیل شیٹی نے انکشاف کیا تھا کہ وہ ان دنوں اپنے اسٹنٹ خود انجام دیتے تھے۔
انٹرویو میں سنیل شیٹی نے داماد کے ایل راہول پر ہونے والی تنقید پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ جب راہول کو ٹرول کیا جاتا ہے تو مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے، وہ بات نہیں کرتا بلکہ اپنے بلّے سے جواب دیتا ہے۔
اداکار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے 2023 ورلڈ کپ کا پورا ٹورنامنٹ فرش پر بیٹھ کر دیکھا۔
سنیل شیٹی نے بتایا کہ میں ورلڈ کپ کے دوران گھر سے باہر نہیں نکلتا تھا، میں اور اہلیہ ایک کمرے میں بیٹھ کر میچ دیکھتے تھے اور کسی کو بھی کمرے میں آنے کی اجازت نہیں تھی، میں نے فرش پر بیٹھ کر پورا ورلڈ کپ دیکھا۔