سنی دیول نے شاہ رخ کیساتھ ماضی کی چپقلش پر اپنے جذبات کا اظہار کردیا

بھارتی اداکار سنی دیول نے شاہ رخ خان کے ساتھ ماضی کی چپقلش کے حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے اس بارے میں کھل کر اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔

بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے غدر ٹو کی کامیابی پر منعقد کی جانے والی پارٹی میں شرکت کی تھی۔ اس میں وہ اور سنی دیول ایک دوسرے سے خوشگوار انداز میں ملتے نظر آئے تھے۔ سنی کی فیملی نے شاہ رخ کے ہمراہ تصاویر بھی بنوائی تھیں۔

ماضی میں دنوں اداکاروں کے درمیان تعلقات ٹھیک نہیں تھے۔ سنی اور شاہ رخ نے 90 کی دہائی میں ریلیز ہونے والی فلم ڈر میں ایک ساتھ کام کیا تھا جس کے بعد ان کے تعلقات خراب ہوگئے تھے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کو اپنے تازہ ترین انٹرویو میں سنی دیول نے اپنے اور کنگ خان کی وائرل تصویر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اب ایسا کچھ بھی نہیں ہے ہر کوئی اپنی زندگی میں آگے بڑھ گیا ہے اور وہ اس چیز کے ساتھ خوش ہے جو اس کے پاس موجود ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ جب ہم نوجوان ہوتے ہیں تو یقیناً ایسے نہیں ہوتے لیکن اب سب خوش اور مطمئن ہیں۔ ہم میں سے ہر کوئی جانتا ہے کہ ہم نے کیا غلط یا صحیح کیا۔ وقت ہر دکھ کا مرہم ہے۔

سنی دیول نے کہا کہ بہت سی باتوں کو ماضی میں چھوڑ دینا بہتر ہے۔ میں اس بات کے لیے بہت خوش تھا کہ بالی وڈ سے سب میری فلم کی کامیابی کے لیے منعقد کی گئی پارٹی میں آئے تھے۔