ممبئی: 11 اگست کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی فلم ’غدر 2‘ کے ہدایتکار انیل شرما نے انکشاف کیا ہے کہ معروف اداکار سنی دیول نے سیکوئل کیلیے کم معاوضے پر کام کیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق غدر کا سیکوئل دیکھنے کیلیے سنی دیول کے مداح بے تاب ہیں جس میں اداکار کئی سالوں بعد ایکشن میں نظر آئیں گے۔ اس میں نامور اداکارہ امیشا پٹیل بھی اسکرین پر جلوہ گر ہوں گی۔
ہدایتکار انیل شرما نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ فلم کا بجٹ بہت کم تھا اس لیے سنی دیول کم معاوضے پر کام کیلیے راضی ہوگئے، لوگ کہہ رہے ہیں کہ سیکوئل کا بجٹ 80 سے 150 کروڑ روپے ہے لیکن ایسا نہیں ہے۔
انیل شرما نے کہا کہ فلم کیلیے سب کے معاوضے کو کنٹرول کیا گیا، فلموں کی عکس بندی کا بجٹ 500 کروڑ سے زائد ہوتا ہے جس میں سے تقریباً 200 کروڑ اداکار لے جاتے ہیں، اس لیے میرا خیال ہے کہ پروڈکشن پر زیادہ رقم خرچ کرنی چاہیے۔
https://youtu.be/vhwr4vc_GY0
فلم ’غدر 2‘ 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم ’غدر: ایک پریم کتھا‘ کا سیکوئل ہے جس کے بارے میں بات کرتے ہوئے انیل شرما نے بتایا تھا کہ ہماری فلم کیلیے لوگوں میں کافی دلچسپی پائی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ کہا کہ ’غدر‘ صرف ایک فلم ہی نہیں بلکہ پورے ملک کا جذبہ ہے، ہم نے ایک منفرد تجربہ بنانے کیلیے بہت محنت کی ہے اور ہم کسی کا دل نہیں توڑنا چاہتے۔
خبریں سامنے آئی تھیں کہ انیل شرما اور امیشا پٹیل کے درمیان جھگڑا ہو گیا ہے اور معاملات ٹھیک نہیں ہیں تاہم ہدایتکار نے ان خبروں کو غلط قرار دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے اور امیشا پٹیل کے درمیان جھگڑے کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، یہ رپورٹس غلط اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔
انیل شرما کا کہنا تھا کہ اس وقت فلم کی پوسٹ پروڈکشن میں مصروف ہوں اور مجھے نہیں معلوم کہ لوگ ایسی منفی باتیں کیوں پھیلا رہے ہیں، میرا اور امیشا پٹیل کا تعلق 22 سال پرانا ہے اور آگے بھی قائم رہے گا، ہمارے درمیان سب کچھ ٹھیک ہے، میں فلم کیلیے پُرجوش ہوں اور اس وقت پوری توجہ فلم کی تیاری پر ہے۔