مظاہرین کا احتجاج : سپرہائی وے آمدو رفت کیلئے بند

سپرہائی وے

کراچی : سپرہائی وے آنے اور جانے والے دونوں راستے الآصف اسکوائر سے بند کردیا گیا، سینکڑوں افراد نے شاہراہ بلاک کردی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے الآصف اسکوائر پر سیکڑوں افراد نے مقامی شہری کے اغواء کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی۔

مشتعل مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکمت اللہ محسود کو کچے کے ڈاکوؤں نے اغواء کیا تھا ، جسے تاحال بازیاب نہیں کیا جاسکاہے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت مغوی حکمت اللہ محسود کی بازیابی کیلئے دوری اقدامات کرے بصورت دیگر احتجاج کرتے رہیں گے۔

اہم شاہراہ پر احتجاج کے باعث ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں، کراچی سے اندرون ملک جانے اور آنے والی گاڑیاں بھی پھنسی ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے ایس پی سہراب گوٹھ سمیت پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موجود ہیں۔

مغوی کے بھائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 16جولائی کو میرے بھائی کو اغواء کیا گیا اور تاحال بازیاب نہیں کیا جاسکا، آئی جی سندھ نے ملاقات میں یقین دہانی کرائی تھی کہ جلد بازیابی ہوگی۔

بھائی کا کہنا تھا کہ پولیس تاحال حکمت محسود کو بازیاب نہیں کرسکی جبکہ ڈاکوؤں کی لوکیشن تک آگئی ہے فوری کارروائی کرکے مغوی کو بازیاب کرایا جائے۔