میانی صاحب قبرستان سے متعلق سپریم کورٹ میں سماعت ایک ہفتےکےلیےملتوی

Supreme Court

اسلام آباد : میانی صاحب قبرستان سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ التوا نہیں دیں گے بلکہ معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں میانی صاحب قبرستان سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

عدالت عظمیٰ میں سماعت کے دوران جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ معاملے میں ہمیں مزید درخواستیں موصول ہوئی ہیں، مقدمات ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔

سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ ایک درخواست گزارکے وکیل کی التوا کی درخواست موصول ہوئی، درخواست گزاراپنی تمام دستاویزات آئندہ سماعت پرلائیں۔

جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ 9 درخواستوں میں حکم امتناع کی استدعا کی گئی ہے، عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیے کہ التوانہیں دیں گے بلکہ معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے میانی قبرستان سے متعلق کیس کی سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے میانی صاحب قبرستان کی اراضی پرتجاوزات سے متعلق کیس میں فقیر خاندان کی زمین سے متعلق حکم امتناع جاری کیا تھا۔