اسلام آباد (16 جولائی 2025): ملک کی سب سے بڑی عدالت عظمیٰ (سپریم کورٹ) میں جاری کیس کی عدالتی دستاویزات چوری ہو گئی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں جاری کیس کی عدالتی دستاویزات چوری ہو گئی ہیں۔ کورٹ ایسوسی ایٹ نے کیس کے فریقین کو دستاویزات چوری ہونے سے آگاہ کر دیا ہے۔
کورٹ ایسوسی ایٹ نے کیس کے فریقین کو بتایا کہ مذکورہ دستاویزات کو کوریئر سروس کے ذریعہ اسلام آباد بھیجا جا رہا تھا کہ دوران سفر کوریئر سروس کی گاڑی چوری ہو گئی، اس کے ساتھ ہی اس میں موجود عدالتی دستاویزات بھی چوری ہو گئیں۔۔
کورٹ ایسوسی ایٹ نے فریقین کو ہدایت کی ہے کہ اصل دستاویزات ضائع ہو چکی ہیں، لہٰذا فوری طور پر متبادل یا دوبارہ درخواستیں عدالت میں جمع کرائی جائیں۔
مذکورہ دستاویزات سپریم کورٹ کراچی رجسٹری سے اسلام آباد بھیجی جا رہی تھیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سپریم کورٹ میں چوری کی واردات ہو چکی ہے۔
گزشتہ سال ستمبر میں عدالت عظمیٰ سے 2 کمپیوٹر بھی چوری کر لیے گئے تھے۔
مذکورہ واقعہ میں پولیس نےمقدمے میں نامزد ملازم کو حراست میں لے لیا تھا۔ ملزم زاہد اقبال سیکریٹری ٹو چیف جسٹس کا ڈرائیور تھا۔
https://urdu.arynews.tv/two-computers-stolen-from-sc-main-suspects-arrested/