سابق بھارتی کرکٹر سریش رائنا نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے روہت شرما اور ویرات کوہلی سے متعلق اہم درخواست کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق کرکٹر سریش رائنا نے بی سی سی آئی سے درخواست کی ہے کہ وہ سچن ٹنڈولکر اور مہندر سنگھ دھونی کی طرح روہت شرما اور ویرات کوہلی کے جرسی نمبر کو ریٹائر کردیں۔
سریش رائنا نے کہا کہ ویرات اور روہت کی بھارتی کرکٹ کے لیے گرانقدر خدمات ہیں۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ وہ جرسی نمبر 18 اور 45 کو ریٹائر کردیں اور ان کے جرسی کے نمبر کو عزت دیں، یہ صرف شرٹ نمبر نہیں ہے بلکہ دونوں کرکٹرز کی پہچان ہیں۔
واضح رہے کہ سریش رائنا ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ویرات کوہلی اور روہت شرما نے مختصر ترین فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔
روہت شرما نے 159 ٹی 20 میچز میں 4231 رنز بنارکھے ہیں جبکہ ویرات کوہلی نے 125 میچز میں 4 ہزار 188 رنز بنائے ہیں۔