سوریا کمار کا پاک بھارت میچ کے ٹکٹ مانگنے والوں کو مشورہ

بھارتی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹر سوریا کمار یادیو نے پاک بھارت میچ کے ٹکٹ مانگنے والوں کو مشورہ دے دیا۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں کل پاک بھارت ٹیمیں احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی، شائقین کرکٹ کی خواہش ہوتی ہے کہ میچ میں اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھیں اور اپنی ٹیم اور اسٹار کرکٹرز کو سپورٹ کریں۔

تاہم سبھی شائقین کی یہ خواہش پوری نہیں ہو پاتی کسی کو ٹکٹ نہیں ملتا تو کوئی کسی مجبوری کی وجہ سے اسٹیڈیم نہیں پہنچ پاتا۔

کرکٹرز کے دوستوں اور رشتے داروں کی جانب سے بھی ٹکٹ کی درخواست کی جاتی ہے لیکن کرکٹر بھی اپنی مجبوری بتاتے ہوئے کہہ دیتے ہیں وہ ٹکٹ نہیں دے سکتے۔

اب بھارتی جارح مزاج بیٹر سوریا کمار یادیو نے بھی ٹکٹ مانگنے والوں کو مشورہ دیا ہے۔

سوریا کمار یادیو انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بھائی لوگ گھر پر اچھے اچھے ٹی وی ہیں سب کے، انجوائے کرو اور اے سی میں بیٹھ کر میچ دیکھو، نو مور ٹکٹ ریکوئسٹ پلیز۔‘