سشمیتا سین کے ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق دعوے نے سب کو حیران کر دیا

سشمیتا سین کے ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق دعوے نے سب کو حیران کر دیا

ممبئی (13 اگست 2025): بھارت کی پہلی مس یونیورس کا اعزاز رکھنے والی نامور اداکارہ سشمیتا سین کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق دعوے نے سب کو حیران کر دیا۔

سشمیتا سین نے 2010 سے 2012 تک مس انڈیا یونیورس فرنچائز کا انتظام سنبھالنے کے اپنے تجربے کے بارے میں بتایا جب موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس کے مالک تھے۔

انڈین میڈیا کے مطابق حال میں دیے گئے انٹرویو میں سشمیتا سین نے فرنچائز کا انتظام سنبھالنے کی آفر ملنے اور اس میں ڈونلڈ ٹرمپ کی شمولیت کے ساتھ آنے والے چیلنجز پر خیالات کا اظہار کیا۔

معروف بھارتی اداکارہ نے کہا کہ مس یونیورس آرگنائزیشن نے مجھے بلایا اور کہا کہ کیا آپ فرنچائز لینا چاہیں گی؟ میں کافی حیران ہوئی اور اسے ایک خواب سمجھا، جب ذمہ داری سنبھالی تو ایک معاہدے پر دستخط کیے، اس کے مالک ڈونلڈ ٹرمپ تھے۔

انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ امریکی صدر ان کے براہ راست باس نہیں تھے۔

اگرچہ فرنچائز کنکشن کی وجہ سے ان کی ملاقات ڈونلڈ ٹرمپ سے ہوئی لیکن سشمیتا سین نے ان سے مزید بات کرنے سے انکار کر دیا۔

وہ کہتی ہیں کہ کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو ملاقات پر مثبت تاثر چھوڑ جاتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ 1996 سے 2015 تک مس یونیورس آرگنائزیشن کے مالک رہے، وہ سیاست میں آنے سے پہلے ایک معروف بزنس مین بھی تھے۔

سشمیتا سین نے 1994 میں تاریخ رقم کی جب وہ مس یونیورس کا ٹائٹل جیتنے والی پہلی بھارتی خاتون بن گئیں۔ ان کی جیت ایک قابل فخر لمحہ تھا اور اس نے اداکاری اور ماڈلنگ میں ان کیلیے بہت سے دروازے کھولے۔