’لالچی عورت‘ قرار دینے پر سشمیتا سین کا سخت ردعمل آگیا

’لالچی عورت‘ قرار دینے پر سشمیتا سین کا سخت ردعمل آگیا

ممبئی: بھارت کی پہلی مس یونیورس کا اعزاز حاصل کرنے والی معروف بالی وڈ اداکارہ سشمیتا سین نے خود کو ’لالچی عورت‘ قرار دینے والوں کو منہ توڑ جواب دے دیا۔

سشمیتا سین اور آئی پی ایل کے سابق چیئرمین اور نامور تاجر للت مودی نے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کیے تھے تاہم کچھ ہی ماہ بعد دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔

للت مودی سے دوستی پر سشمیتا سین کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ انہوں نے دولت کیلیے للت مودی سے تعلقات بنائے۔ انہیں ’لالچی عورت‘ کہا گیا جس پر وہ پہلے بھی بیان دے چکی ہیں۔

اپنی آئندہ ریلیز ہونے والی فلم ’تالی‘ کی تشہیر کے دوران سشمیتا سین نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرے خیال میں یہ اچھی بات ہے کہ ایسے طرح کے تبصرے مجھ تک پہنچ رہے ہیں اور مجھے لالچی قرار دیا جا رہا ہے۔

’دیکھیں توہین پھر توہین ہوتی ہے جب آپ پر کی جائے، لیکن میں اسے نظر انداز کر دیتی ہوں۔ ایسی بہت سی چیزیں ہیں جن میں ہر کسی کو مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔‘

سشمیتا سین نے کہا کہ مجھے یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ ’یہ میرا ذاتی معاملہ ہے‘ لیکن مجھے یہ الفاظ پسند ہیں کہ ’یہ کسی کا مسئلہ نہیں ہے‘، میں پہلے بھی اکیلی تھی اور اب بھی اکیلی ہوں۔