دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں تیزی سے کمی آنے لگی

دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں تیزی سے کمی آنے لگی

قصور (30 اگست 2025): دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں تیزی سے کمی آنے لگی، گزشتہ رات اس میں بہاؤ 3 لاکھ 85 ہزار کیو سک تک پہنچ گیا تھا۔

دریائے ستلج گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کا موجودہ اخراج 3 لاکھ 3 ہزار کیوسک ہے، ڈاؤن اسٹریم پر آباد اس سے ملحقہ درجنوں دیہات متاثر ہیں۔

دوسری جانب، دریائے چناب میں ساڑھے 3 لاکھ کیوسک پانی کا ریلہ داخل ہوا جس کے باعث چنیوٹ سے بڑا سیلابی ریلہ آج شام تک تریموں بیراج پہنچے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ستلج، راوی اور چناب میں توقع سے زیادہ پانی آیا، مریم نواز

تریموں بیراج سے اس وقت 1 لاکھ 45 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے، 119 دیہات میں سیلابی پانی داخل ہوا 140 دیہی علاقے خالی کروا لیے گئے۔

سیلاب زدہ علاقوں سے 2 لاکھ 40 ہزار افراد نکالے جا چکے ہیں، 22 ریلیف کیمپ اور 20 رہائشی پوائنٹ قائم ہیں۔ متاثرین کو مفت کھانا اور مویشیوں کیلیے چارہ فراہم کیا جا رہا ہے۔

چنڈ پل، شاہ جیونہ، کھیوڑہ باقر، جوگیرہ اور دادو آنہ میں پانی داخل ہوا، کچا مگھیانہ اور مگھیانہ نون کے مکینوں کی نقل مکانی بھی شروع ہوگئی۔

متاثرین نے پانی پہنچنے سے قبل کھیتوں سے چارہ کاٹنا شروع کیا اور بھکر روڈ بند پر پناہ لے لی۔