بھارت کے مسلم سیاسی رہنما فہد احمد کے ساتھ شادی سے پہلے کس چیز کا ڈر تھا، اس حوالے سے بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے انکشاف کیا ہے۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں سوارا بھاسکر نے کا کہ شادی کا اتنا بڑا قدم اٹھانے سے قبل ان کے دل میں کئی طرح کے ڈر موجود تھے، جس میں سے ایک ڈر یہ بھی تھا کہ مسلمان شخص سے شادی کرنے کے بعد انھیں بالی ووڈ کی دیوالی پارٹیز میں مدعو کیا جائے گا یا نہیں۔
سوارا کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی خود پر یقین نہیں کیا بلکہ میں ہمیشہ غلط لوگوں پر اعتبار کرتی ہوں جس کی وجہ سے مجھے پریشانی کا سامنا ہوتا ہے، میں ان شخصیات میں سے نہیں ہوں جنھیں پروا ہو کہ لوگ کیا کہیں گے۔
تاہم مجھے اس بات کی پروا تھی کہ میرے والدین اور دوست میرے شادی کرنے پر کیا کہیں گے، میں یہ بھی سوچتی تھی کہ اگر ہم ساتھ ہوجائیں تو مجھے بالی ووڈ پارٹیز میں نہیں بلایا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال بالی وڈ کی معروف اداکارہ سوارا بھاسکر اور ان کے شوہر سماج وادی پارٹی کے رہنما فہد احمد کے ہاں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔
سوارا بھاسکر نے بیٹی کی پیدائش کے بعد چار عدد تصاویر پوسٹ کیں جن میں ننھی مہمان کا چہرہ ظاہر نہیں کیا گیا۔ کیپشن میں اداکارہ نے بتایا تھا کہ ان کے ہاں 23 ستمبر کو بیٹی کی پیدائش ہوئی۔
بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر پچھلے سال 16 فروری کو اپنی خفیہ شادی منظرِ عام پر لائی تھیں۔ جوڑے نے 6 جنوری 2023 کو کورٹ میرج کی تھی۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر فہد احمد کے ساتھ یادگار لمحات کی تصاویر ایک ویڈیو کی شکل میں پوسٹ کی تھی اور شادی کا اعلان کیا تھا۔