ڈسکہ : سانحہ سوات میں جاں بحق سترہ سال کے عبداللہ کو نماز جنازہ کے بعد ڈسکہ میں سپردخاک کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ سوات میں جاں بحق نوجوان عبداللہ کی میت گھر پہنچائی گئی ، نوجوان نماز جنازہ دارالعلوم مدنیہ ڈسکہ کلاں میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں رشتے داروں،علاقہ مکینوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، نماز جنازہ کے بعد فاروقیہ قبرستان سپردخاک کردیا گیا۔
سوات واقعے میں عبداللہ کی لاش سانحہ کے بیس دن بعددریائے سوات سےملی تھی، سانحے میں عبداللہ کی والدہ ، دو بہنیں، چھ کزن جاں بحق ہو گئے تھے، جن کی لاشیں نکال لی گئی تھیں۔
مزید پڑھیں : سانحہ سوات: سیلابی ریلے میں بہنے والے عبداللہ کی لاش 20 دن بعد مل گئی
یاد رہے پچھلے ماہ جون میں سوات میں پیش آنے والے افسوسناک اور کربناک سانحے میں ایک ہی فیملی کے کئی افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔
سانحے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے 8 افراد کی میتیں ان کے شہر ڈسکہ پہنچائی گئی تھیں، میتیں پہنچنے پر ان کے گھروں میں کہرام مچ گیا تھا اور پورے شہر میں سوگ کا سماں تھا۔
متوفیان کے اہل خانہ شدت غم سے نڈھال اور بچ جانے والوں سے مل کر دھاڑیں مار کر رو پڑے تھے، 3میتیں ڈسکہ کلاں، 3محلہ لاریاں اور 2 محمد پورہ پہنچائی گئی تھیں، یاد رہے کہ سانحے میں 11 افراد بچے تھے۔