سویڈن حکومت نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں قائم اپنے سفارتخانے سے عملے کو سکیورٹی وجوہات کی بنا پر واپس بلا لیا۔
سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف مسلمان ممالک میں بھرپور احتجاج کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز عراق میں بھی احتجاج کیا گیا جہاں مظاہرین نے سویڈن کے سفارتخانے پر دھاوا بول کر آگ لگا دی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سویڈن نے صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اپنے سفارتی عملے کو واپس بلا لیا۔ سویڈن کا کہنا ہے کہ عملے کو عارضی طور پر سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے واپس بلایا ہے۔
گزشتہ روز عراق کی حکومت نے احتجاجاً سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کر دیا تھا۔ عراقی وزیر اعظم محمد شياع السودانی نے سویڈن کے سفیر کو ہدایت کی تھی کہ وہ عراق کی حدود سے چلیں جائیں۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ فیصلہ سویڈن کی حکومت کی طرف سے قرآن مجید کو جلانے، اس کی توہین اور عراقی پرچم کو جلانے کی بار بار اجازت دینے کی وجہ سے کیا گیا۔
عراق حکومت نے ملک میں سویڈن کے ایریکسن کا ورکنگ پرمٹ بھی معطل کر رکھا ہے۔