(14 جولائی 2025) پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار و لکھاری سید محمد احمد نے پاکستانی پروڈکشن ہاؤسز کو بے نقاب کردیا۔
حمیرا اصغر کی موت کے بعد پاکستانی اداکار سید محمد احمد نے ایک ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے پاکستانی شوبز انڈسٹری میں ادائیگیوں میں تاخیر کے مسئلے پر آواز اٹھائی ہے۔
سینئر اداکار و لکھاری سید محمد احمد نے انکشاف کیا کہ زیادہ تر پروڈکشن ہاؤسز فنکاروں کو ان کی محنت کا معاوضہ وقت پر ادا نہیں کرتے اور ادائیگی کرتے وقت فقیروں جیسا برتاؤ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ "کبھی ادائیگی کے مسائل پر بات کرنا شرمناک سمجھا جاتا تھا، اور آج بھی اس موضوع کو ممنوع سمجھا جاتا ہے لیکن اب فنکار بولنے لگے ہیں اس مسئلے پر اپنی آواز اٹھانے لگیں ہیں”۔
View this post on Instagram
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پروڈکشن ہاؤسز فنکاروں کو رات 9 بجے کے بجائے صبح 1 بجے تک کام کرواتے ہیں اور اداکاروں کو نہ چاہتے ہوئے بھی کام کرتے رہنا پڑتا ہے۔
اداکار نے کہا کہ پراجیکٹ ختم ہونے کے تین یا چار ماہ تک ادائیگی نہیں کی جاتی اور جب ادائیگی کی جاتی ہے تو وہ بھی اس وقت جب ہم خود پروڈکشن ہاؤسز سے پیسوں کا تقاضا کرتے ہیں۔
سید محمد احمد کے مطابق پیسے مانگنے پر ایسا رویہ اختیار کیا جاتا ہے گویا وہ ہم پر کوئی بہت بڑا احسان کر رہے ہوں, انڈسٹری میں ادائیگی کے مسائل اب ایک سنگین موڑ پر پہنچ چکے ہیں اور آواز اٹھانا اب ہماری سب سے بڑی ضرورت ہے۔