ٹی 20 ورلڈ کپ، جنوبی افریقہ کا بنگلہ دیش کو جیت کیلیے 206 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف

آسٹریلیا میں کھیلے جا رہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 22 ویں میچ میں جنوبی افریقہ کے رلی روسو کی جارحانہ سنچری کی بدولت بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 206 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا ہے۔

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے گروپ ٹو کے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے۔

جنوبی افریقی اننگ کا آغاز اچھا نہ ہوا اور 7 رنز کے مجموعے پر کپتان ٹیمبا بیووما 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے انہیں تسکین احمد نے نورالحسن کا کیچ بنوایا۔

دوسری وکٹ کی شراکت میں کوئنٹن ڈی کوک اور ریلی روسو کے درمیان 163 رنز کی شاندار پارٹنر شپ ہوئی، دونوں بلے بازوں نے بنگلہ بولروں پر حاوی ہوتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں طرف کھل کر شاٹ کھیلے۔

کوئنٹن ڈی کوک عاطف حسین کی گیند پر سومیا سرکار کا کیچ بنے، انہوں نے 38 گیندوں پر 63 رنز بنائے، جس میں تین چھکے اور سات چوکے شامل تھے، دوسری جانب ریلی روسو نے بلے کی مدد سے لاٹھی چارج کرتے ہوئے صرف 56 گیندوں پر 109 رنز بنائے، ان کی اننگ میں 8 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے، روسو کو 180 کے مجموعے پر بنگلہ کپتان شکیب الحسن نے آؤٹ کیا۔

شکیب الحسن نے اگلے ہی اوور میں ٹرسٹان اسٹبس کو 7 کے انفرادی اسکور پر میدان بدر کیا اس بار بھی ان کا کیچ تھامنے والے لٹن داس تھے، ایڈن میکرم 10 رنز بنا کر حسن محمود کو وکٹ دے بیٹھے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے جنوبی افریقی بلے بازوں کا لاٹھی چارج روکنے کیلیے 7 بولروں کا استعمال کیا، شکیب الحسن نے دو، تسکین احمد، حسن محمود، عاطف حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیش کی جانب سب سے مہنگے بولر تسکین احمد رہے جنہوں نے اپنے کوٹے کے چار اوورز میں 46 رنز کی مار برداشت کی۔

واضح رہے کہ گروپ ٹو میں بنگلہ دیش ایک میچ جیت کر سرفہرست ہے جب کہ جنوبی افریقہ کا ایک پوائنٹ ہے جو زمبابوے سے میچ منسوخ ہونے کے باعث دونوں ٹیموں کو دیا گیا تھا۔