ٹی 20 ورلڈ کپ 2028 کو 32 ٹیموں پر مشتمل کرنے کی تجویز سامنے آگئی۔
کرکٹ ویب سائٹس کی رپورٹ کے مطابق کرکٹ کے فارمیٹس اور بڑے ٹورنامنٹس کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
6 افراد پر مشتمل ورکنگ گروپ کی سربراہی نیوزی لینڈ کرکٹ کے سربراہ راجر ٹوز کریں گے جبکہ آئندہ سال کے ورلڈ کپ میں 20 ٹیمیں شامل ہوں گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ورکنگ گروپ میں بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈ کے سربراہ شامل ہیں، یو ایس اے کرکٹ کی معطلی تین مہینے تک موخر ہونے کا امکان ہے۔
اس سلسلے میں یو ایس اے کرکٹ کو انتظامی معاملات کے حل کے لیے 3 مہینے کا وقت دیا جائے گا۔
یہ اقدام اٹلی ٹیم کی کامیابی کے بعد سامنے آیا ہے جس نے حال ہی میں 2026 میں اپنے پہلے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر کے تاریخ رقم کی ہے۔
امریکا اور اٹلی جیسے غیر روایتی ممالک میں کرکٹ کی ترقی نے آئی سی سی کو ایک وسیع عالمی حکمت عملی اختیار کرنے کی ترغیب دی ہے۔
2028 تک مزید 12 ٹیمیں شامل کرنا کرکٹ کو عالمی سطح پر پھیلانے کے لیے ایک بہت بڑا قدم ہوگا۔ اس سے مزید ایسوسی ایٹ نیشنز، ممالک جہاں کرکٹ اب بھی ترقی کر رہی ہے، کو عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کا موقع ملے گا۔
یہ دنیا بھر کے شائقین کو خوش کرنے کے لیے مزید ٹیمیں اور مزید سنسنی خیز میچوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔