ٹی 20 ورلڈ کپ، افغانستان اور آئرلینڈ کا میچ بارش کے باعث منسوخ

آسٹریلیا میں کھیلے جا رہے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بارش کے باعث افغانستان اور آئرلینڈ کا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا ہے۔

آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بارش نے رنگ میں بھنگ ڈالا ہوا ہے اور اب تک کئی اہم میچز بارش کی نذر ہوچکے ہیں، آج میلبرن میں گروپ ون میں کھیلے جانیوالے افغانستان اور آئرلینڈ کے میچ میں بھی بارش اثر انداز ہوگئی اور میچ کی ایک گیند بھی نہیں پھینکی جاسکی۔

امپائرز نے بارش رکنے کا انتظار کیا تاہم جب برسات نے تھمنے کا نام نہ لیا تو امپائرز کو مجبوراً یہ میچ منسوخ کرنا پڑا اور یوں کوئی گیند کھیلے بغیر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔

ٹورنامنٹ کا آج دوسرا میچ میزبان آسٹریلیا اور روایتی حریف انگلینڈ کے درمیان اسی گراؤنڈ میں شیڈول ہے جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہونا ہے۔

اس وقت گروپ اے میں نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ گروپ ٹو میں بھارت اور جنوبی افریقہ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔

پاکستان اب تک ٹورنامنٹ میں فتح کا مزا نہیں چکھ سکا ہے، بھارت کے ساتھ سنسنی خیز مقابلے میں شکست کے بعد گزشتہ روز زمبابوے سے اپ سیٹ شکست نے قومی ٹیم کی سیمی فائنل کے مرحلے تک رسائی مشکل بنا دی ہے۔