میچ ہار گئے تو کیا دیوار پر سر ماریں؟ اظہر محمود کا انوکھا جواب

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کا بھارت سے شکست کے بعد کہنا ہے کہ میچ ہار گئے تو کیا دیوار سے سر مار لیں۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان پہلے امریکا سے ہارا اور پھر روایتی حریف بھارت کو جیتا ہوا میچ تحفے میں پیش کرنے کے بعد اب پہلے ہی راؤنڈ میں میگا ایونٹ سے بے دخلی کے دہانے پر کھڑا ہے اور قومی ٹیم پر ہر طرف سے تنقید کی بارش ہو رہی ہے۔

بھارت سے میچ کے بعد قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود جب میڈیا کے سامنے آئے تو صحافیوں نے ان سے بھی حیران کن شکستوں سے متعلق سوالات کیے جس پر وہ اپنا ضبط کا بندھن کھو بیٹھے اور جلے کٹے انداز میں سوالات کے جوابات دیے۔

اظہر محمود نے بھارت سے شکست پر کہا کہ میچ  ہار گئے تو کیا کمرے میں بیٹھ کر دیوار پر سر ماریں؟ میچ ہار جائیں تو کیا کسی کھلاڑی کی زندگی ختم ہو جاتی ہے؟

انہوں نے کہا کہ اب کسی خوش فہمی میں رہنے کی گنجائش نہیں، اگر کوئی بھی کھلاڑی کسی حریف کو ہلکا سمجھتا ہے، تو اسے پاکستان سے نہیں کھیلنا چاہیے۔

اسسٹنٹ کوچ نے کہا کہ کرکٹ میں اگر مگر تو ہوتا رہتا ہے اور پہلے بھی ہوتا رہا ہے۔ جب تک چانس مکمل ختم نہیں ہوتا ہم ہمت نہیں ہاریں گے،اس وقت ٹیم میں ہر کسی کا مورال ڈاؤن ہے۔ ہم اب بھی کم بیک کرسکتے ہیں، آج کا میچ ہمارے لیے اہم ہے۔

https://urdu.arynews.tv/t20-world-cup-some-interesting-happenings-in-the-india-pakistan-match/

ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹاپ آرڈر نہیں پرفارم کرے گا تو باقی لوگوں سے کیا توقع کریں؟ نسیم شاہ اور شاہین آفریدی سے بیٹنگ کی توقع نہیں رکھ سکتے، یہ ابتدائی 7 بیٹرز کا کام ہے۔