سابق کرکٹر باسط علی اور کامران اکمل نے لائیو کال میں مداح کے سوال کا جواب دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اسپورٹس روم‘ میں محسن نامی ہیش ٹیگ ’آسک ایکسپرٹس‘ میں سوال پوچھا کہ اس ورلڈ کپ کے بعد ٹیم سے کس کس کی چھٹی ہونی چاہیے۔
جواب میں سابق کرکٹر باسط علی نے کہا کہ پہلے تو ان کی چھٹی ہونی چاہیے جنہوں نے شاہین آفریدی کو کپتان بنایا پھر انہوں نے ہی اس کو ہٹایا، سارا ٹیمپو ختم کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم ابھی ایک پیج پر نہیں ہے، چاہے جو جتنا بھی بولے میں نہیں مانتا، باڈی لینگویج بتادیتی ہے۔
باسط علی نے کہا کہ سب سے پہلے ان کی چھٹی ہونی چاہیے اور پھر نئے چہرے آنے چاہئیں۔
کامران اکمل نے کہا کہ ٹیم سے چھٹی تو پرفارمنس پر ہونی چاہیے، آگے چیک اینڈ بیلنس کرلیں گے پوچھنے والا کوئی ہوگا تو ہماری کرکٹ اچھی ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو عزت دیں گے تو اچھا ہے اگر پی ایس ایل کی کارکردگی کی بنیاد پر لڑکے ٹیم میں شامل ہوں گے تو یہ کرکٹ کا نقصان ہی ہے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے 11ویں میچ میں سپر اوور میں امریکا نے پاکستان کو 5 رنز سے شکست دی۔ 19 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 13 رنز بناسکی۔
قومی ٹیم کی عبرتناک شکست پر سابق کرکٹرز اور شائقین کرکٹ کی جانب سے کڑی تنقید کی جارہی ہے۔