Tag: آئرن مین

  • اسٹین لی:‌ کامکس کی دنیا کا ناقابلِ‌ فراموش نام

    اسٹین لی:‌ کامکس کی دنیا کا ناقابلِ‌ فراموش نام

    کامکس کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں اور ان مداحوں‌ میں بچّے یا نوجوان ہی‌ نہیں‌ بڑے بھی شامل ہیں۔ ان میں کچھ کامکس کے کرداروں کے گرویدہ ہوتے ہیں اور اکثریت ان پر مشتمل کہانیاں شوق سے پڑھتی ہے، اور جب سے یہ کردار اسکرین پر نظر آنے لگے ہیں، ان کی مقبولیت اور پذیرائی بڑھ گئی ہے۔ اسپائڈر مین، آئرن مین اور دی ہلک جیسے شہرۂ آفاق کردار کتابوں‌ سے نکل کر سنیما کے پردے پر مقبولیت کے ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔

    ہم نے یہاں‌ جن کرداروں کا ذکر کیا ہے، کئی دہائیوں قبل اسٹین لی نے اپنے ذہن میں ان کا خاکہ بنایا تھا اور پھر ان کے تخلیق کردہ یہ کردار کہانیوں کے ساتھ قارئین تک پہنچے اور ہر دل عزیز ٹھیرے۔ آج ان کامکس کے خالق آرٹسٹ اور مصنّف اسٹین لی کا یومِ وفات ہے۔ وہ 95 برس جیے۔

    ایک طرف تو کامکس کے پرستار ان کرداروں کو اُن کی زبردست اور کرشماتی قوّتوں‌ کی وجہ سے پسند کرتے ہیں‌ اور دوسری طرف وہ کہانیوں‌ میں‌ انھیں بدی اور شر کی طاقتوں‌ کے خلاف لڑتے ہوئے دیکھنے میں بہت دل چسپی لیتے ہیں۔ اسٹین لی وہ آرٹسٹ تھے جس نے انسانی فطرت اور دل چسپی کے اسی پہلو کو پیشِ‌ نظر رکھتے ہوئے ایسے شان دار کردار تخلیق کیے اور کہانیاں‌ لکھیں۔

    اسٹین لی کو بیسویں صدی کا شان دار تخلیق کار کہا گیا، کیوں کہ ان کے مارول کامک بکس نے صرف بچّوں یا نوجوانوں ہی نہیں بڑوں کو بھی اپنے سحر میں‌ جکڑ لیا تھا۔ اسٹین لی کا تعلق امریکا سے تھا۔ 1940ء کے عشرے میں اسٹین لی نے لکھنے کا آغاز کیا تھا اور بعد میں کامک بک کی اشاعت سے اور بالخصوص اسکرین تک اس مصنّف نے شان دار کام یابیاں اپنے نام کیں۔ وہ ایک باصلاحیت فن کار اور منفرد تخلیق کار تھے۔

    اپنے اس سفر آغاز میں اسٹین لی نے ایک چھوٹا چھاپہ خانہ قائم کرکے مارول کامک بکس شایع کیں۔ اسٹین لی کے تخلیق کردہ کردار بچّوں کی نفسیات پر حاوی ہو جاتے ہیں۔ ناقدین نے اس بات کو سراہا ہے کہ اسٹین لی کی سبق آموز کہانیوں کی بدولت بچّے خود کو انہی کرداروں میں ڈھلا ہوا دیکھتے ہیں‌ اور خیالی دنیا آباد کرکے بدی کی طاقتوں کو شکست دینے لگتے ہیں۔ اسٹین لی کو اپنے مارول کرداروں پر مبنی کہانیوں کے سبب ایک لیجنڈ کا درجہ حاصل ہوا۔ وہ فلم ساز اور مکالمہ نویس بھی تھے۔

    سپرمین کے بارے میں بات کرتے ہوئے ایک بار اسٹین لی نے کہا تھا کہ وہ میرے لیے کبھی بھی دل چسپی کا باعث نہیں رہا، کیوں کہ میں کبھی اس کے بارے میں فکرمند نہیں ہوا۔ اگر آپ اپنے ہیرو کے لیے فکرمند نہیں ہوتے تو اس میں کوئی جوش نہیں ہوتا۔

    اسٹین لی کا ساتھی آرٹسٹ جیک کربی تھا جنھوں نے مل کر 1961ء میں کمپنی مارول کامکس بنائی تھی۔ انھوں نے فینٹیسٹک فور نامی سیریز سے آغاز کیا تھا اور بعد میں ان کے کامک بک کے کردار اسپائیڈر مین اور دی ہلک انتہائی مقبول ہوئے۔

    اسٹین لی 28 دسمبر 1922ء کو امریکا، نیویارک میں‌ پیدا ہوئے۔ ان کی زندگی کا سفر 12 نومبر 2018ء تک جاری رہا۔

    ہالی وڈ میں اسٹین لی کے تخلیق کردہ کرداروں پر فلمیں بنائی گئیں جو بے حد مقبول ہوئیں اور فلم سازوں نے اس سے زبردست مالی منافع سمیٹا۔ آج ڈیجیٹل دور میں ہم ایسے کئی کردار تخلیق ہوتا دیکھ رہے ہیں اور اب ہر ملک میں‌ جدید ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئرز کی مدد سے بہت سہولت سے یہ کام کیا جارہا ہے، لیکن اس زمانے میں‌ جب یہ سب ایک ‘کلک’ یا کسی سافٹ ویئر پر ایک ‘کمانڈ’ کے تابع نہیں‌ تھا، اسٹین لی نے دن رات محنت اور لگن سے وہ کام کیا جس کا جواب نہیں‌۔ اسٹین لی کو فن کی دنیا کبھی فراموش نہیں‌ کرسکے گی۔

  • شاہ رخ خان آئرن مین معلوم ہو رہے ہیں: ناکام ترین بالی ووڈ فلم کے ڈائریکٹر کا دعویٰ

    شاہ رخ خان آئرن مین معلوم ہو رہے ہیں: ناکام ترین بالی ووڈ فلم کے ڈائریکٹر کا دعویٰ

    حال ہی میں ریلیز کی گئی بالی ووڈ فلم براہمسترا کو شائقین اور تجزیہ کاروں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، تاہم فلم کے تخلیق کاروں کا دعویٰ ہے کہ اس فلم نے مقبولیت اور کمائی کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

    اب اس کے ہدایت کار ایان مکھرجی نے اس حوالے سے ایک اور بیان دے دیا۔

    فلم کے ڈائریکٹر ایان مکھرجی کا کہنا تھا کہ فلم میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ کا کمیو (مختصر جھلک) شہرہ آفاق ہالی ووڈ فلم آئرن مین سے مشابہہ ہے۔

    ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کو فلم میں سائنس دان دکھایا گیا ہے جو اپنی لیبارٹری میں کام کر رہا ہوتا ہے، یہ مناظر مشہور کردار آئرن مین سے ملتے جلتے ہیں، وہ بھی اکثر اپنی تجربہ گاہ میں مختلف تجربات کرتا دکھائی دیتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by SHAH RUKH KHAN (@iamsrk_fans)

    انہوں نے کہا کہ براہمسترا رومانوی فلم ہے جس میں مرکزی کرداروں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی محبت دکھائی گئی ہے، تاہم جب شاہ رخ خان کے مناظر آتے ہیں تو فلم بالکل تبدیل ہوجاتی ہے اور ایک سائنس فکشن فلم دکھائی دیتی ہے۔

    خیال رہے کہ براہمسترا اپنی نمائش سے قبل ہی تنازعات کا شکار ہوگئی تھی۔

    فلم کی ریلیز کے بعد خراب مکالموں اور کمزور اسکرین پلے کی وجہ سے شائقین نے تو اسے مسترد کردیا، تاہم فلم کی ٹیم اسے ریکارڈ کمائی کرنے والی فلم قرار دے رہی ہے۔

    شائقین نے فلم کی کمائی کے بڑے ہندسوں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سینما ہال کی نشستیں تو خالی ہیں، تو پھر کیا اس فلم کو دیکھنے کے لیے خلائی مخلوق آرہی ہے جو فلم دھڑا دھڑ پیسہ کما رہی ہے؟

  • آئرن مین کے کردار کے لیے پہلے کسے چنا گیا تھا؟

    آئرن مین کے کردار کے لیے پہلے کسے چنا گیا تھا؟

    شہرہ آفاق کردار آئرن مین (ٹونی اسٹارک) کے لیے معروف ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز کو منتخب کیا گیا تھا تاہم انہوں نے اس کے لیے منع کردیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق معروف ہالی وڈ اداکار ٹام کروز کے فلم کے کردار ٹونی اسٹارک (آئرن مین) کی حیثیت سے کام کرنے سے انکار کے بعد روبرٹ ڈاؤنی جونیئر کو منتخب کیا گیا تھا جنہیں اب مداح اسی نام سے یاد رکھتے ہیں۔

    سنہ 2000 کی دہائی میں ٹام کروز کا شمار دنیا کے بہترین اداکاروں میں کیا جاتا تھا جبکہ اسی وقت روبرٹ ڈاؤنی اپنی گھریلو مشکلات میں پھنسے ہوئے تھے اور نہ ہی ہالی وڈ میں شہرت کے معاملے میں ٹام کروز کے مد مقابل سمجھے جاتے تھے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹام کروز نے انکشاف کیا کہ فلم پروڈکشن کمپنی اور ان کے مابین اس حوالے سے بات چیت ہوچکی تھی جس کے چند عرصے بعد انہوں نے اپنا فیصلہ تبدیل کرنا ہی بہتر سمجھا تھا۔

    ٹام کروز کا کہنا تھا کہ جب میں کوئی چیز کرتا ہوں تو اسے مکمل انداز میں کرتا ہوں، اگر میری جانب سے کچھ کرنے کا ارادہ کیا جائے تو مجھے معلوم ہوتا ہے یہ ضرور کوئی خاص چیز بنے گی۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے محسوس ہوا کہ یہ کردار ادا کرنے کا فیصلہ مثبت ثابت نہیں ہوسکتا، میں فلم کی شوٹنگ کے دوران اسے بہتر سے بہتر بنانے کے لیے فیصلہ سازی میں بھی حصہ لیتا ہوں اس لیے مجھے بعد میں ایسا لگا کہ اس کردار کو ادا کرنا میرے لیے ممکن نہیں ہے۔

    ٹام کروز نے اداکار روبرٹ ڈاؤنی جونیئر سے متعلق کہا کہ روبرٹ نے اس آئرن مین کے کردار کو بہت بہترین انداز میں ادا کیا ہے اور وہ روبرٹ کے علاوہ کسی دوسرے اداکارکو اس کردار کو زندہ کرنے کا تصور نہیں کرسکتے۔

  • اسپائیڈرمین کردار کے خالق اسٹین لی انتقال کرگئے

    اسپائیڈرمین کردار کے خالق اسٹین لی انتقال کرگئے

    نیویارک : اسپائیڈر مین کردار کے خالق اور معروف امریکی مصنف اسٹین لی 95 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپائیڈر مین، آئرن مین، دی ہلک اور کیپٹن امریکہ جیسے شہرہ آفاق کرداروں کے مصنف اسٹین لی 95 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اسٹین لی کے سوگواران میں ان کی بیٹی جے سی لی شامل ہیں۔

    معروف امریکی مصنف رومینیا سے آئی ایک یہودی فیملی کے ہاں 1922 میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ٹائملی پبلیکیشنز نامی کمپنی سے کیا جو بعد میں ماروول کامکس بن گئی۔

    اسٹین لی کے بنائے ہوئے کرداروں پرمبنی فلموں کا شمار ہالی ووڈ کی منافع بخش فلموں میں ہوتا ہے، حال ہی میں بنی ماررول فلم انفینیٹی وار نے 1.5 بلین ڈالر کمائے۔

    معروف امریکی مصنف نے دو روز قبل اپنے فیس بک پیج پر ویٹرز ڈے پر اپنی فوجی سروس کے دوران کی ایک تصویر شیئر کی اور لکھا کہ دوسری جنگ عظیم کے دوران ان کے ساتھی انہیں افسانہ نگار پکارا کرتے تھے۔

    یاد رہے کہ اسٹین لی کی بیوی جوئین 2017 میں انتقال کر گئی تھیں۔ ان کی عمر بھی 95 برس تھی۔