Tag: آئرن ڈوم

  • اسرائیل کا آئرن ڈوم سسٹم ہیک کر لیا گیا، ایرانی میڈیا کا دعویٰ

    اسرائیل کا آئرن ڈوم سسٹم ہیک کر لیا گیا، ایرانی میڈیا کا دعویٰ

    تہران: ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ تہران کی جانب سے فائر کیے گئے زیادہ سے زیادہ میزائل اسرائیل میں اپنے اہداف پر کام یابی سے پہنچنے کی وجہ یہ ہے کہ اسرائیل کا آئرن ڈوم سسٹم ہیک کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل کا فضائی دفاعی نظام آئرن ڈوم سسٹم ہیک ہو گیا ہے، ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے میزائیلوں کو روکنے کے لیے چلائے گئے اسرائیل کے بعض میزائل اپنے ہی علاقوں پر گرنے لگے ہیں، روئٹرز کی ایک ویڈیو میں تل ابیب سے داغا جانے والا اسرائیلی میزائل واپس گرتے دکھایا گیا۔

    ارنا نیوز ایجنسی کے مطابق پیر کو لانچ کیے گئے میزائلوں اور ڈرونز نے اسرائیل میں بڑی تباہی مچائی اور لاکھوں اسرائیلیوں کو چوتھے روز بھی زیر زمین پناہ گاہوں میں چھپنا پڑا، اس دوران اسرائیلی آئرن ڈوم میزائل سسٹم کو ہیک کر لیا گیا تھا، جس کی وجہ سے اسرائیلی میزائل کنفیوژن اور نا اہلی میں ملک کے اندر ہی فائر ہوئے۔

    اسرائیل میں سیل فون کیمروں سے حاصل کی گئی فوٹیجز میں بھی بڑی تعداد میں ایرانی میزائلوں کو اسرائیلی فضائی دفاعی نظام سے بغیر کسی رکاوٹ کے گزرتے اور زمین پر موجود اہداف کو نشانہ بناتے دکھایا گیا ہے۔


    تہران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں یہاں پڑھیں


    ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر ایک اور سائبر حملہ بھی کیا گیا، پیر کے روز اسرائیل کے نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ فوجی یونٹ کی طرف سے اسرائیلیوں کو ایسے ٹیکسٹ پیغامات بھیجے گئے ہیں جن میں شہریوں سے کہا گیا تھا کہ وہ عوامی بم پناہ گاہوں میں جانے سے گزیر کریں۔

    یادر ہے کہ اسرائیلی حکومت نے 13 جون کو رات میں بلا اشتعال جارحیت کرتے ہوئے رہائشی عمارتوں سمیت ایرانی حدود کے اندر حملے شروع کیے، ٹارگٹڈ حملوں میں اعلیٰ ایرانی فوجی اہلکار مارے گئے، جس کے بعد ایران نے اسرائیل کے اندر گہرائی میں حملے شروع کیے، اور تل ابیب، یروشلم اور حیفا سمیت دیگر اہداف کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔

  • اسرائیل کا دفاع، امریکا نے 1 ارب ڈالر کی خطیر رقم منظور کر لی

    اسرائیل کا دفاع، امریکا نے 1 ارب ڈالر کی خطیر رقم منظور کر لی

    واشنگٹن: امریکا میں اسرائیل کے آئرن ڈوم کے لیے 1 ارب ڈالر کی منظوری بھاری اکثریت سے دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان نے اسرائیل کو آئرن ڈوم میزائل ڈیفنس سسٹم کو جدید بنانے کے لیے ایک ارب ڈالر فراہم کیے جانے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔

    دو ہی دن قبل کانگریس میں اسرائیل کے متنازع آئرن ڈون کی فنڈنگ کے حوالے سے اعتراضات اٹھائے جانے کے بعد بل کو بھاری اکثریت سے آخر کار منظور کر لیا گیا۔

    ایوان نمائندگان میں بل کے حق میں 420 اور مخالفت میں 9 ووٹ ڈالے گئے، بل کے مخالفین میں 8 ڈیموکریٹس اور 1 ریپبلکن شامل ہیں، اس موقع پر 2 ارکان غیر حاضر رہے۔

    اس وسیع منظوری کے بعد بل سینیٹ کو بھیج دیا گیا ہے، سینیٹ میں رائے شماری کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے، تاہم چند لبرل ڈیموکریٹس کی جانب سے بل کی ایک شق کو ویٹو کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اگروہ شق بل میں شامل کی گئی تو وہ بل کے خلاف ووٹ دیں گے۔

    اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے امریکی ایوان نمائندگان، ڈیموکریٹس اور ری پبلیکنز کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا ہے۔ خیال رہے کہ انسانی حقوق سے متعلق اداروں کے دباؤ پر کانگریس کے بعض اراکین نے اسرائیل کو آئرن ڈوم کی مدد میں دی جانے والی رقوم پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

    انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے رواں سال مئی میں فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر بدترین بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں عام شہریوں کی اموات ہوئی تھیں۔ فنڈنگ کی مخالف ڈیموکریٹس ارکان میں رشیدہ طلیب نے گفتگو کے دوران کہا کہ ہمیں فلسطینیوں کو اسرائیلی حملوں سے محفوظ رکھنے کی ضرورت کے بارے میں بھی بات کرنی ہے۔