Tag: آئرن کی گولیاں

  • سرکاری اسکول میں اندوہناک حادثہ، طالبہ نے آئرن کی درجنوں گولیاں کھا لیں

    سرکاری اسکول میں اندوہناک حادثہ، طالبہ نے آئرن کی درجنوں گولیاں کھا لیں

    نئی دہلی: بھارت کے سرکاری اسکول میں کھیل کے دوران اندوہناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک طالبہ نے درجنوں آئرن کی گولیاں کھا لیں، طالبہ اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست تامل ناڈو میں پیش آیا جہاں آٹھویں جماعت کی طالبہ نے آئرن کی 45 گولیاں کھالیں جس سے اس کی موت ہوگئی۔

    تامل ناڈو کے اس سرکاری اسکول میں طلبہ کے درمیان ہمت کا کام کرنے کا کھیل جارہا تھا جس کے دوران طالبہ نے ہیڈ ماسٹر کے کمرے میں رکھی آئرن کی گولیاں کھالیں۔

    لنچ بریک کے دوران 6 طلبا ہیڈ ماسٹر کے کمرے میں گھسے اور وہاں موجود گولیوں کا پیکٹ دیکھ کر انہوں نے ایک دوسرے کو زیادہ دوائیں کھانے کا چیلنج کیا، کھیل میں 2 لڑکے بھی شامل تھے۔

    مرنے والی طالبہ نے سب سے زیادہ 45 گولیاں کھائی تھیں جبکہ دیگر طلبہ کو چکر آنے کی شکایت کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق طبیعت بگڑنے پر چاروں لڑکیوں کو دوسرے اسپتال بھی منتقل کیا گیا جبکہ سب سے زیادہ دوا کھانے والی طالبہ کو چنئی کے اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی چل بسی۔

    واقعے کے بعد محکمہ تعلیم نے اسکول کے ہیڈ ماسٹر اور 8 اساتذہ کو نوٹسز جاری کردیے ہیں۔

  • صارفین کے لیے الرٹ: مقامی کمپنی کی فولک ایسڈ اور آئرن کی گولیاں نہ خریدیں!

    صارفین کے لیے الرٹ: مقامی کمپنی کی فولک ایسڈ اور آئرن کی گولیاں نہ خریدیں!

    اسلام آباد: ڈریپ نے لوکل فارما کمپنی کی تیار کردہ فولک ایسڈ اور آئرن کی گولیاں غیر معیاری قرار دیتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان نے مقامی دوا ساز کمپنی کی تیار کردہ فولک ایسڈ اور آئرن کی گولیوں کو غیر معیاری قرار دیتے ہوئے مارکیٹ سے اٹھانے کی ہدایت کر دی۔

    ڈریپ نے شہریوں سے دونوں گولیوں کا استعمال روکنے کی درخواست کی ہے۔

    ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے شہریوں، ڈاکٹرز، فارمیسیوں اور اسپتالوں کو الرٹ جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ رسالپور میں واقع مقامی دوا ساز کمپنی کی تیار کردہ فولک ایسڈ، آئرن گولی کا بیچ غیر معیاری ہے۔

    ڈریپ الرٹ کے مطابق آئرن کی گولی 100 ایم جی اور فولک ایسڈ 0.35 ایم جی کا بیچ نمبر 2781 غیر معیاری ہے۔

    الرٹ میں فارما کمپنیوں کو دونوں گولیوں کا اسٹاک مارکیٹ سے فوری اٹھانے جب کہ ادویات کے ڈسٹری بیوٹرز اور فارمیسیوں کو دونوں ادویات کی ترسیل اور فروخت فوری روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کی جانب سے صوبائی ٹیموں کو دونوں ادویات کی خرید و فروخت روکنے کے لیے میڈیسن مارکیٹس کی سرویلنس بڑھانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔