Tag: آئس

  • طلبا کو آئس فراہم کرنے والے 2 منشیات فروش گرفتار

    طلبا کو آئس فراہم کرنے والے 2 منشیات فروش گرفتار

    راولپنڈی میں نصیر آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 منشیات فروش کو گرفتار کرلیا، تعلیمی اداروں کے طلباء کو آئس سپلائی کر رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات پر نصیرآباد پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کی اور نوجوانوں، خصوصاً طلبا کو آئس فراہم کرنے والے دو بڑے منشیات سپلائرز کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس نے گرفتار ملزمان سے 4 کلو سے زائد آئس برآمد کی ہے، گرفتار ملزمان کی شناخت نوید اور اشتیاق کے نام سے ہوئی ہے، ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو آئس سپلائی کر رہے تھے۔

     پولیس نے ملزم نوید سے 3 کلو 100 گرام آئس جبکہ ملزم اشتیاق سے 1 کلو 80 گرام آئس برآمد کی۔

    سی پی او نے اس موقع پر کہا کہ نوجوانوں کو تباہی کے دلدل میں دھکیلنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچیں گے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • سپریم کورٹ نے آئس کیس سے ڈسچارج شہری کو پولیس میں بھرتی کے لیے اہل قرار دے دیا

    سپریم کورٹ نے آئس کیس سے ڈسچارج شہری کو پولیس میں بھرتی کے لیے اہل قرار دے دیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے آئس کیس سے ڈسچارج شہری کو پولیس میں بھرتی کے لیے اہل قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس میں کانسٹیبل بھرتی کی درخواست مسترد ہونے کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ ’’بریت کے بعد جرم کا داغ ملزم پر ہمیشہ نہیں رہ سکتا۔‘‘

    ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے حکومتی مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ملزم پر 2021 میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت آئس کا مقدمہ درج تھا، ملزم کا کردار ایسا نہیں کہ اس کو پولیس میں بھرتی کیا جا سکے۔

    جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ درخواست گزار نے 2023 میں درخواست دی ہے، تو کردار کیسے خراب ہو گیا؟ اے جی کے پی نے کہا درخواست گزار پر فوجداری مقدمہ تھا، ایسے میں پولیس رولز کے تحت اچھا کردارنہیں رہتا۔


    پورٹل سے نوکری کیسے حاصل کریں؟ اہم تفصیلات جانیے


    جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے ’’جب ایک شخص مقدمے سے ڈسچارج ہو گیا تو کیا اس کو سزا ساری زندگی ملے گی؟‘‘ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا عجیب منطق ہے کسی شخص پر الزام ثابت نہ ہو تب بھی اہلیت پر شک کیا جائے گا، درخواست گزار کا جرم اتنا ہی بڑا تھا تو آپ نے تفتیشی مرحلے پر بری کیوں کیا؟

    ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے کہا بری ہم نے نہیں کیا بلکہ پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ نے کیا ہے، جسٹس اطہر من اللہ نے پھر سوال دہرایا کہ کسی پر جھوٹا مقدمہ بنے اور وہ بری ہو تو کیا ساری زندگی سزا ملے گی؟

    سپریم کورٹ نے درخواست گزار کی کانسٹیبل بھرتی کی درخواست منظور کر لی، اور اسے پولیس میں بھرتی کے لیے اہل قرار دے دیا، اس کیس کی سماعت جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کی، درخواست گزار داوڑ نے 2023 میں خیبرپختونخوا پولیس میں کانسٹیبل کے لیے اپلائی کیا تھا۔

  • ایئرپورٹ پر مسافر کے سامان سے 1250 گرام میتھم فیٹامائن برآمد

    ایئرپورٹ پر مسافر کے سامان سے 1250 گرام میتھم فیٹامائن برآمد

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک مسافر کے سامان سے 1250 گرام میتھم فیٹامائن برآمد ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک کارروائی میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، برآمد شدہ مشنیات کی مالیت 20 ملین روپے بتائی جاتی ہے۔

    انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج میں کسٹمز نے سعودی عرب جانے والے مسافر کے سامان سے 1250 گرام میتھم فیٹامائن (آئس) برآمد کی ہے، جدہ جانے والے محمد مٹھل جمالی نامی مسافر کے سامان کی اسکیننگ پر مشکوک اشیا پر سامان چیک کیا گیا تو اس میں سے منشیات بر آمد ہوئی۔

    یہ کارروائی ڈپٹی کلکٹر کسٹمز حماد احمد کی ہدایت پر کیا گیا، مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران سوٹ کیس میں سے 1250 گرام میتھم فیٹامائن برآمد ہوئی۔

    ترجمان کسٹمز کے مطابق ابتدائی تفتیش میں منشیات کی مالیت دو کروڑ روپے سے زائد ہے، ملزم مسافر کو مزید تفتیش اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے، اور اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔

  • ملکی ایئرپورٹس پر آئس جدید مشینوں سے بھی ڈیٹیکٹ نہ ہونے کا انکشاف

    ملکی ایئرپورٹس پر آئس جدید مشینوں سے بھی ڈیٹیکٹ نہ ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد: ڈی جی سول ایوی ایشن نے انکشاف کیا ہے کہ ملکی ایئرپورٹس پر آئس منشیات جدید مشینوں سے بھی ڈیٹیکٹ نہیں ہو پاتی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کا چیئرمین سینیٹر ہدایت اللہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی جی سول ایوی ایشن نے انکشاف کیا کہ بدقسمتی سے آئس ڈرگ کو جدید مشین سے بھی پکڑا نہیں جا سکتا۔

    ایئرپورٹس پر نئے اسکینرز لگانے اور پرانے اسکینرز کی اپ گریڈیشن کے معاملے میں ڈی جی سی اے اے نے کہا آئس جدید مشینوں سے بھی ڈیٹیکٹ نہیں ہوتی، اس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا مجھے یہ نہیں معلوم کہ آئس ڈرگ برآمد کیا جا رہا ہے یا درآمد کیا جا رہا ہے؟ ڈی جی نے کہا کہ آ بھی رہا ہے اور جا بھی رہا ہے۔

    سول ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ ایئرپورٹس پر مسافروں کی شکایات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں، نارکوٹس حکام کی جانب سے مسافروں کو تنگ کرنے کی شکایات آتی ہیں، اور مجبور مسافر رشوت دے کر جان چھڑاتے ہیں۔

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر نئے ٹرمینل کے حوالے سے ڈی جی سول ایوی ایشن نے بتایا کہ ٹرمینل کے لیے بڈنگ پراسس 3 بولیاں آ چکی ہیں، ابھی کسی کو حوالے نہیں کیا گیا ہے، اگر ٹرمینل ہم خود بنائیں تو دو اڑھائی سال لگیں گے۔

    ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹس پر نارکوٹکس کی جانب سے بین الاقوامی مسافروں کو تنگ کرنے کی شکایات میں بے تحاشا اضافے پر کہا کہ مسافروں کی شکایات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔

    انھوں نے بتایا نارکوٹس حکام مسافروں کو کونے میں لے جا کر رشوت کی غرض سے تنگ کرتے ہیں، اور کہتے ہیں آپ کے پیٹ میں ڈرگ ہیں، آپ کو اسپتال لے جاؤں یا کچھ لے دے کر معاملہ ختم کرنا چاہتے ہیں، مجبور مسافر فلائٹ ضائع ہونے کی وجہ سے رشوت دے کر جان چڑاتے ہیں۔

  • سوہن حلوے کے ڈبوں میں مہارت سے چھپائی گئی آئس پکڑی گئی

    سوہن حلوے کے ڈبوں میں مہارت سے چھپائی گئی آئس پکڑی گئی

    فیصل آباد: ایئر پورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے نے فیصل آباد ایئر پورٹ پر کارروائی کے دوران مسافر سے 3 کلو ہیروئن برآمد کرلی۔

    ترجمان اے ایف سی کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کا رہائشی اشرف فیصل آباد ایئرپورٹ سے شارجہ جارہا تھا، ملزم سے 3 کلو ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزم نے منشیات مٹھائی کے ڈبے میں چھپا رکھی تھی، پکری جانے والی ہیروئن کی عالمی منڈی میں کروڑوں روپے قیمت ہے۔

    ملزم اشرف کے خلاف مقدمہ درج کرکے ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ ہیروئن سمیت اینٹی نارکوٹکس تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

  • منشیات کی کوالٹی چیک کرنے کے لیے پولیس کو طلب کرنے والا شخص گرفتار

    منشیات کی کوالٹی چیک کرنے کے لیے پولیس کو طلب کرنے والا شخص گرفتار

    امریکا میں ایک شخص نے پولیس کو کال کر کے نشہ آور آئس کا معیار چیک کرنے کے لیے کہا جس کے بعد پولیس نے اس شخص کے گھر پہنچ کر اسے گرفتار کرلیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست فلوریڈا کے علاقے اسپرنگ ہل میں مقامی پولیس کو ایک کال موصول ہوئی، کال کرنے والے نے اپنا نام تھامس یوجین بتایا۔

    تھامس نے کہا کہ اس نے گزشتہ رات بار میں ایک شخص سے میتھمفیٹامین یعنی آئس خریدی ہے اور وہ چاہتا ہے کہ پولیس چیک کرے کہ آیا وہ اصلی منشیات ہے یا نہیں۔

    پولیس اس کے گھر پہنچی تو تھامس نے بتایا کہ اس نے گزشتہ رات بار میں ایک شخص سے اسے خریدا، اور اس وقت چکھنے پر اسے ٹھیک لگی لیکن اب یہ اسے نمک جیسی لگ رہی ہے۔

    تھامس کا کہنا تھا کہ وہ عادی نشئی ہے اور باقاعدگی سے منشیات لیتا ہے، اور چاہتا کہ پولیس اسے ٹیسٹ کرے تاکہ لوگ اس جعلی نشے کو خرید کر اپنے پیسے نہ ضائع کریں۔

    پولیس نے اسی وقت اس منشیات کا فیلڈ ٹیسٹ کیا جس میں پتہ چلا کہ یہ اصل آئس ہی ہے، اور اس کے بعد پولیس نے تھامس کو گرفتار کرلیا۔

    تھامس پر منشیات کے استعمال اور گھر میں منشیات رکھنے کے چارجز عائد کیے گئے ہیں، ابتدا میں اسے سینے میں درد کی شکایت پر اسپتال لے جایا گیا تاہم ڈاکٹرز نے اسے صحت مند قرار دیا جس کے بعد پولیس نے تھامس کو حراستی مرکز منتقل کردیا۔

  • والدین کیسے پتہ چلا سکتے ہیں کہ ان کا بچہ نشے کا عادی ہوچکا ہے؟

    والدین کیسے پتہ چلا سکتے ہیں کہ ان کا بچہ نشے کا عادی ہوچکا ہے؟

    کراچی: ملک بھر میں آئس کے نشے کے بڑھتے استعمال نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ والدین کو اپنے بچوں کے حوالے سے نہایت چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں ماہر نفسیات ڈاکٹر معیز نے گفتگو کی اور نشے کی ہلاکت خیزی کے بارے میں بتایا۔

    ڈاکٹر معیز نے بتایا کہ آئس کا نشہ آج کل بہت عام ہوگیا ہے اور کالجز اور جامعات کے باہر کھلے عام اسٹرابری کے نام سے بک رہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کی صرف آئس کا نشہ ہی نہیں ہر قسم کا نشہ ہلاکت خیز ہے اور گھر کا صرف ایک شخص بھی اس میں مبتلا ہوجائے تو پورا خاندان اس سے متاثر ہوتا ہے۔

    ڈاکٹر معیز کا کہنا تھا کہ نوجوان پہلی بار آئس کے نشے کو تفریحاً استعمال کرتے ہیں، اس کے بعد ان کے دماغ کی کیمسٹری تبدیل ہوتی ہے اور انہیں لطف محسوس ہوتا ہے۔ اس لطف کی وجہ سے وہ دوسری اور تیسری بار آئس کا نشہ کرتے ہیں اور پھر رفتہ رفتہ انہیں اس کی لت پڑ جاتی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ آج کل والدین کی مصروفیات بہت زیادہ ہیں جس کی وجہ سے وہ بچوں پر نظر نہیں رکھ پاتے، یہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ معلوم رکھا کریں کہ ان کے بچوں کی کس سے دوستی ہے اور اس کے دوستوں کے گھر والے کون ہیں۔

    ڈاکٹر معیز نے بتایا کہ نشے کے عادی بچے کی نشانیاں بہت واضح ہوتی ہیں، سب سے پہلے وہ ارد گرد کے ماحول اور لوگوں سے کٹ کر تنہائی پسند ہوجاتا ہے۔

    یہ بھی ایک نشانی ہے کہ اگر آپ کے والٹس اور جیبوں میں سے پیسے کم ہونے لگے ہیں تو آپ کو چوکنا ہونے کی ضرورت ہے، ایسے وقت میں والدین فوری طور پر معلوم کریں کہ ان کا بچہ کس قسم کی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

    ڈاکٹر معیز کا کہنا تھا کہ بعض افراد دماغی سرگرمی بڑھانے کے لیے بھی نشے کا استعمال کرتے ہیں لیکن یہ فائدہ وقتی ہوتا ہے، اس کے نقصانات نہایت طویل مدتی اور خطرناک ہوتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اکثر اوقات بالغ اور بچے بھی حالات سے فرار کے لیے نشے میں پناہ ڈھونڈتے ہیں، ایسے لوگوں کی کاؤنسلنگ ہونی چاہیئے اور اس کے لیے ضروری ہے میڈیا آگاہی فراہم کرے۔

  • کراچی: منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، آئس ڈیلر محسن آفریدی 4 ساتھیوں سمیت گرفتار

    کراچی: منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، آئس ڈیلر محسن آفریدی 4 ساتھیوں سمیت گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کر کے منشیات فروش آئس ڈیلر محسن آفریدی کو 4 ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سولجر بازار پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی میں پولیس اہل کار سمیت پانچ منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔

    ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ گرفتار پانچوں منشیات فروش خود بھی آئس اور چرس پینے کے عادی اور منشیات کے ڈیلر ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا گروہ 15 مرد اور خواتین پر مشتمل ہے، گرفتار منشیات فروشوں میں پولیس اہل کار مصدق شاہ عرف بابر بھی شامل ہے، جو تھانہ سٹی کورٹ میں تعینات ہے۔

    ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق گرفتار دیگر تین منشیات فروشوں میں آئس اور چرس ڈیلر بدر شجاع عرف بدر کمرشل، ارشد انصاری عرف ببلو، اور احسن آئسی شامل ہیں۔

    ملزمان آئس اور چرس کے بڑے ڈیلر ہیں، اس سے قبل بھی درخشاں، گزری، بہادر آباد، برگیڈ اور فیروز آباد پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو چکے ہیں۔

    پولیس کے مطابق ملزم محسن آفریدی نے واٹس ایپ گروپ بنایا ہوا ہے، جس کے ذریعے وہ اسکول کالج اور یونیورسٹیز کے لڑکے لڑکیوں کو ایڈ کر کے آئس اور چرس کی طرف راغب کرتا تھا۔

    معلوم ہوا ہے کہ مختلف گیسٹ ہاؤسز بھی ملزمان کے زیر استعمال تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے گیسٹ ہاؤسز کے خلاف بھی ضابطے کی کارروائی کی جائے گی۔

    ملزمان کے قبضے سے 6 کلو چرس، بڑی تعداد میں آئس، 5 ٹی ٹی پستول اور آئس استعمال کرنے کی چیزیں برآمد ہوئیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس پی ایسٹ کی جانب سے پولیس پارٹی کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

  • پشاور ائیر پورٹ پر جوائنٹ سرچ ڈیسک کی کارروائی، 5 کلو آئس ہیروئن ضبط

    پشاور ائیر پورٹ پر جوائنٹ سرچ ڈیسک کی کارروائی، 5 کلو آئس ہیروئن ضبط

    پشاور: باچا خان ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم سے 5 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن تھارٹی کے جوائنٹ سرچ ڈیسک نے کارروائی کرتے ہوئے آئس ہیروئن کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    اے ایس ایف کے مطابق مسافر کو گرفتار کر لیا گیا ہے، مسافر نجی ایئر لائن کی پرواز سے راس الخیمہ جا رہا تھا۔

    پکڑی گئی آئس ہیروئن اعلیٰ کوالٹی کی ہے جب کہ اس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے، مسافر یہ منشیات عرب امارات لے جا رہا تھا۔

    قبل ازیں، جوائنٹ سرچ بیگجز کاؤنٹر پر راس الخیمہ جانے والے مسافر کی تلاشی لی گئی تو بیگ کے خفیہ خانوں سے ہیروئن برآمد ہو گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد ایئرپورٹ پرمنشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    مسافر عاقب علی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز G-9825 کے ذریعے راس الخیمہ جا رہا تھا، مسافر کو گرفتار کیے جانے کے بعد اے ایس ایف نے اسے قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے حوالے کر دیا۔

    خیال رہے کہ آئے دن ملک کے بڑے شہروں کے ایئر پورٹس پر منشیات اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنانے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں تاہم اسمگلنگ کے واقعات میں کمی نہیں آ رہی ہے۔

    چار اگست کو بھی نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے بیرون ملک منشیات اسمگل کرنے کی کوشش نا کام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا تھا، سعودی عرب جانے والے مسافر سے 10 کلو 632 گرام مائع آئس ہیروئن برآمد کی گئی تھی۔

  • افغانستان سے پاکستان آئس منشیات اسمگلنگ کرنے والا عالمی نیٹ ورک پکڑا گیا

    افغانستان سے پاکستان آئس منشیات اسمگلنگ کرنے والا عالمی نیٹ ورک پکڑا گیا

    پشاور: خیبر پختون خوا پولیس نے پشاور میں منشیات کا عالمی نیٹ ورک پکڑ لیا ہے جو افغانستان سے پاکستان میں آئس منشیات کا دھندا کرتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی پولیس نے افغانستان سے پاکستان آئس منشیات کا دھندا کرنے والا عالمی نیٹ ورک پکڑ لیا ہے۔

    ایس ایس پی پشاور کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے 12 اسمگلرز سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات بر آمد ہوئی ہے، عالمی اسمگلروں کی گرفتاری حساس اداروں کی مدد سے عمل میں لائی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار اسمگلر پشاور کو ٹرانزٹ روٹ کے طور پر استعمال کر رہے تھے، اسمگلرز میں زیادہ تر کا تعلق افغانستان سے ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی کے تعلیمی اداروں میں آئس کا زہر فراہم کرنے والا گروہ پکڑا گیا

    خیال رہے کہ وفاقی دار الحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے بڑے شہروں کے تعلیمی اداروں میں آئس نشے کے استعمال میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے جس پر سرکاری رپورٹس بھی آ چکی ہیں اور اے آر وائی نیوز نے بھی اس سے متعلق متعدد رپورٹس دیں۔

    29 مئی کو بھی کراچی کے تعلیمی اداروں میں آئس کا زہر فراہم کرنے والا ایک گروہ پکڑا گیا تھا، پولیس نے گروہ کے 15 ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔

    رواں ماہ 2 جولائی کو انسدادِ منشیات فورس نے کراچی میں ایک کارروائی کے دوران 18 کلو گرام منشیات پکڑی، یہ منشیات فیصل آباد سے کراچی اسمگل کی گئی تھی۔