راولپنڈی میں انٹرنیشنل میل آفس سے آسٹریلیا کے لیے بُک پارسل سے منشیات برآمد کر لی گئی، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی آسٹریلیا کے لیے بک پارسل سے ہیروئن برآمد ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں انٹرنیشنل میل آفس سے آسٹریلیا کے لیے ایک پارس بُک کرایا گیا تھا، چیکنگ کے دوران انکشاف ہوا کہ اس پارسل کے ذریعے بیرون ملک منشیات برآمد کرنے کی کوشش کی جارہی تھی،3 ہاٹ پاٹ میں چھپائی گئی ایک کلو 590 گرام آئس برآمد کر لی گئی ہے۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کوریئر آفس سے آسٹریلیا کے لیے بک پارسل سے بھی ہیروئن برآمد ہوئی ہے، پارسل میں موجود سویٹر میں 350 گرام ہیروئن کو جذب کیا گیا تھا۔
اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے منشیات کی ترسیل میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ایک اور واقعے میں 37 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کر لی گئی جب کہ 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اے این ایف حکام نے بتایا کہ ایم ون موٹر وے ٹول پلازہ پر پشاور کی رہائشی ملزمہ سے ایک کلو آئس برآمد کرلی گئی، ملزمہ کی نشاندہی پر کھنہ پل سےشریک ملزم کو بھی گاڑی سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
جروبی زخاخیل خیبرسے پلاسٹک کے تھیلے میں چھپائی گئی 17 کلو 700 گرام چرس پکڑلی گئی، میرپور روڈ کراچی کے قریب ملزم سے 10 کلو 200 گرام چرس برآمد پوئی۔
اے این ایف کے مطابق سریاب روڈ کوئٹہ میں رکشہ ڈرائیور سے 8 کلو چرس برآمد کر لی گئی، تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔